کراچی(اسٹاف رپورٹر)لارڈز ٹیسٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے باوجود بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہنے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں انہوں نے کیریئر میں یہ 15ویں مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کیں اور انہوں نے غیرملکی سرزمین پر سب سے زیادہ پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا کپیل دیو کا ریکارڈ بھی توڑا۔لندن میں میڈیا سے گفتگو میں بمراہ نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ میں تھک گیا تھا، کوئی خوشی یا غم کا معاملہ نہیں تھا، لمبے اسپیل کے بعد میں تھک گیا اب میں 21 یا 22 سال کا نہیں کہ وکٹ لے کر اچھل کود کروں۔میں خوش تھا کہ ٹیم کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس کے بعد اگلی گیند کرنے کی تیاری کرنے لگا۔ان کی گفتگو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اشارہ کررہی ہے اور ممکن ہے کہ وہ مستقبل قریب میں ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کردیں۔ ٹیسٹ کرکٹ ان کے جسم پر بوجھ ڈال رہی ہے اور ممکن ہے کہ وہ مستقبل قریب میں ہی بڑے فیصلے کی طرف بڑھ جائیں، بالکل ویسے ہی جیسے ویرات کوہلی نے اچانک ٹیسٹ کپتانی چھوڑ دی تھی۔