سندھ حکومت کی کارکردگی تمام صوبوں اور وفاق سے بہتر ہوگی، بلاول بھٹو

February 23, 2024


بلاول بھٹو زرداری : فوٹو اسکرین گریپ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی کارکردگی تمام صوبوں اور وفاق سے بہتر ہوگی۔

سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کل ارکان سندھ اسمبلی کی حلف برداری کی تقریب ہوجائے، اویس شاہ اسپیکر اور نوید انتھونی ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار ہوں گے، مراد علی شاہ وزیر اعلیٰ سندھ کے امیدوار ہوں گے، آغا سراج درانی نے اسپیکر کی ذمہ داریاں بہت اچھی سنبھالی ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ 2022 کے سیلاب سے 50 فیصد تعلیمی ادارے تباہ ہوئے تھے انہیں دوبارہ بنائیں گے، کرپشن روکنے کیلئے بہت سختی کرنا ہوگی، ہمیں عوام کی خدمت کرنی ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے حوالے سے ہمارے کافی منصوبے ہیں، ہمیں تعلیم کے شعبے میں کام کرنا ہے نصاب کو بہتر کرنا ہے، تمام ارکان اسمبلی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسکولوں کا دورہ کریں، عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیح دیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ارکان اسمبلی کا کام قانون سازی ہے، زراعت اور پینے کے پانی کے منصوبے ترجیح ہونی چاہیے، تعلیمی اداروں کا سندھ میں سیلاب کےدوران نقصان ہوا، تعلیمی اداروں کی بحالی کا منصوبہ مکمل ہوگا، ہمارے نوجوانوں کے لیے تعلیم کی سہولت ان کا حق ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ پانی کے مسئلے کو اپنی ترجیح پر رکھیں، ہم وفاقی حکومت کے ساتھ ارسا سے بات کریں گے، ہم چاہتے ہیں ہمیں حصے کا پانی پورا ملے۔

بلاول بھٹو نے اراکین اسمبلی سے کہا کہ امید ہے کہ آپ خلوص نیت سے دن رات کام کریں گے، ایسی غلطی نہ کریں جس سے پارٹی یا میرا نقصان ہو، وسائل کم ہیں، یقینی بنانا ہے کہ وسائل کا درست استعمال ہو اور کرپشن نہ ہو، ارکان اسمبلی میری آنکھیں اور کان بنیں، اپوزیشن جماعتوں کو رابطے میں رکھنا ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست عروج پر پہنچ گئی ہے، نفرت کی سیاست سے پاکستان کا نقصان ہو رہا ہے، اپوزیشن کی جائز شکایات کو دور کیا جائے، ایم کیو ایم، سنی اتحاد کونسل، جی ڈی اے یا جے یو آئی سب سے رابطہ رکھنا ہے۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکومت میں ہم نے کوئی وزارت نہیں مانگی ہے، وفاقی حکومت سے ہم نے بلوچستان اور سندھ کے متاثرین کیلئے مانگا ہے، ہم قومی اسمبلی میں کوشش کریں گے کہ وفاقی حکومت کو اچھی ان پٹ دیں، پاکستان میں خدمت کی نئی سیاست کا آغاز ہوگا، باقی صوبوں کے مقابلے میں سندھ کی کارکردگی بہتر رہی،صوبہ بلوچستان سے آپ کا مقابلہ ہوگا، وفاقی حکومت سے بھی مقابلہ ہوگا، امید ہے مقابلے میں کارکردگی بہتر رہے گی۔