ملکی تجارت و صنعت کو زندہ رکھنے کیلئے بجلی و گیس کی قیمتیں فوری کم کی جائیں‘ آل پاکستان چیمبرز کانفرنس

February 26, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ملکی تجارت و صنعت کو زندہ رکھنے کے لیے بجلی و گیس کی قیمتوں کو فوری طور پر کم کیا جائے،ایس ایم ایز کی تعریف 25 کروڑ سے بڑھا کر 80 کروڑ کی جائے ، نجکاری نئی حکومت کی اقتصادی ٹیم کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور وقت ضائع نہیں کیا جانا چاہیے۔، مہنگائی کے دباؤ نے گھریلو اور کاروبار دونوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ مہنگائی روکنے کے لئےسود کی شرح میں اضافے جیسے روایتی طریقے نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوتے ہیں، ان خیالات کا اظہار ایف پی سی سی آئی کے قائمقام صدر ثاقب فیاض مگوں نے رحیم یار خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام آل پاکستان چیمبرز کانفرنس میں اپنے کلیدی خطاب میں کیا، کانفرنس میں پاکستان کی کاروباری برادری نے معاشی پالیسی سازی میں تسلسل، عملیت پسندی، ترقی پسندی اور مشاورتی نقطہ نظر کو یقینی بنانے کے لیے ایک غیر سیاسی، شعبہ جاتی اور طویل مدتی چارٹر آف اکانومی کا مطالبہ کیا۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر ثاقب فیاض مگوں نے پاکستان بھر کی کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری کے اجتماعی خدشات کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف دو ماہ میں مسلسل دوسری بار حکومت نے صنعتوں کے لیے گیس کے ٹیرف میں اضافہ کیا ہے اور یہ اقدام واضح طور پر کاروبار مخالف ہے۔