قلندرز کو نظر لگ گئی، مسلسل چھٹی شکست، سلطانز کا میاب، اسامہ نے تگنی کا ناچ نچا دیا

February 28, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو نظر لگ گئی، پاکستان سپر لیگ9میں مسلسل چھٹے میچ میں بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑ گیا جس کے ساتھ ہی اسکی پلے آف مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں بھی ماند پڑ گئیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملتان سلطانز نے اسے60رنز سے مات دے دی۔ اسامہ میر نے قلندرز کو تگنی کا ناچ نچادیا، انہوں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے4اوور کے کوٹہ میں40رنز دے کر6وکٹیں لیں۔وہ روی بوپارا، فہیم اشرف اور عمر گل کے بعد سپر لیگ میچ میں چھ وکٹ لینے والے چوتھے بولر ہیں۔ شاہی منگل کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب کیا ۔ شاہین آفریدی نے 4 کے مجموعے پر کپتان محمد رضوان کو بولڈ کردیا۔ رضوان اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ لیکن عثمان خان نے چارج سنبھال لیا، عثمان خان55گیندوں پر96رنز کی اننگز کھیل کر آخری اوور میں شاہین آفریدی کا شکار بنے۔ ریزا ہینڈرکس40، طیب طاہر21رنز نے ان کا اچھا ساتھ دیا ۔ سلطانز نے4وکٹ پر214رنز بنائے۔افتخار احمد 18 گیندوں پر40اور خوشدل شاہ3رنزپر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاہین آفریدی نے دو جبکہ کارلوس بریتھویٹ اور سکندر رضا نے ایک ایک وکٹ لی۔ جواب میں فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے قلندرز کو5.3 اوورز میں54رنز کا عمدہ آغاز دیا، لیکن صاحبزادہ فرحان31اور فخر کے 21 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد دیگر بیٹرز خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور پوری ٹیم 17ویں اوور میں 154 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ روسی وین ڈر ڈوسن 30، کارلوس بریتھویٹ 14 ، سکندر رضا 17 اور کامران غلام12 رنز بنا سکے۔رواں ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں اپنے پانچ پانچ میچز کھیل چکی ہیں جس میں لاہور قلندرز کوئی میچ نہیں جیت سکی اور پوائنٹس ٹیبل پر0پوائنٹ کے ساتھ آخری پوزیشن ہے۔ ملتان سلطانز کو ایک میچ میں شکست ہوئی جبکہ چار میچز میں کامیابی حاصل ہوئی۔