قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج

March 01, 2024

فائل فوٹو

قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا، وزیراعظم کا انتخاب تین مارچ کو کیا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے مسلم لیگ ن نے ایاز صادق کو امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے غلام مصطفیٰ شاہ کو نامزد کیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں قومی اسمبلی کے 336 میں سے 302 ارکان نے حلف اٹھا لیا۔

پہلے ہی اجلاس میں اسپیکر ڈائس کے سامنے ن لیگ اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی ایوان میں آمد پر نعروں میں شدت آگئی، ایوان میں نواز شریف اور شہباز شریف نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے مصافحہ کیا۔

نوازشریف کے نشست سنبھالتے ہی مسلم لیگ ن کے ارکان نے نواز شریف کے گرد حصار بنا کر شیر، شیر کے نعرے لگائے۔

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے نواز شریف کی طرف ماسک اچھال دیا اور عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔

ارکان رول آف ممبر پر دستخط کرتے ہوئے عمران خان کی تصاویر بھی لہراتے رہے جبکہ آصف زرداری کے دستخط کرتے وقت آصفہ بھٹو نے نعرے لگائے۔

بلاول بھٹو نے ایوان میں مولانا فضل الرحمٰن اور اختر مینگل سے ملاقات کی جبکہ گیلری میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آصفہ بھٹو نے ملاقات کی اور گلے ملیں۔