فواد چوہدری نے نیب کیسز جھوٹے اور سیاسی قرار دے دئیے

March 01, 2024

اسلام آباد (فخر درانی) سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ان پر الزامات سیاسی دباؤ پر لگائے گئے ہیں اور نیب کیسز کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔فواد چوہدری کو جہلم میں جہلم روڈ سمیت تعمیراتی منصوبوں میں خورد برد کے الزامات کا سامنا ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کے پراسیکیوٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر نے ٹھیکیدار کو ٹھیکہ دینے کا غیر قانونی طریقہ اختیار کیا۔ سابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اپنے بھائی ایڈووکیٹ فیصل فرید کے ذریعے جیل سے دی نیوز کو اپنا نقطہ نظر بھیجا ہے۔ اپنے تحریری بیان میں فواد نے کہا کہ ان پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے للہ جہلم سڑک کی تعمیر کیلئے اپنا سیاسی اثر و رسوخ استعمال کیا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ بات میری سمجھ سے بالاتر ہے کہ اگر میں اپنے حلقے کی ترقی کے لیے کام نہیں کر سکتا یا اپنے علاقے کے لیے ترقیاتی منصوبے تجویز نہیں کر سکتا تو میں الیکشن کیوں لڑوں؟ منصوبہ پچھلے ڈیڑھ سال سے صرف میری وجہ سے رکا ہوا ہے۔ سابق وزیر اطلاعات و نشریات نے تبصرہ کیا کہ منصوبے کی کل لاگت 16ارب روپے تھی جس میں سے 8ارب روپے پہلے ہی خرچ ہو چکے لیکن انہوں نے بغیر کسی وجہ کے منصوبے کو روک دیا۔ اب اس منصوبے کی کل لاگت 24ارب روپے تک بڑھ گئی ہے۔ لاگت میں اضافے کے علاوہ اس نامکمل منصوبے کی وجہ سے علاقے کے لاکھوں لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں واحد شخص نہیں ہوں گا جو اس سڑک کو استعمال کروں گا۔ اس سڑک سے لاکھوں لوگ سفر کریں گے۔ اس سڑک کے منصوبے کے علاوہ انہوں نے ٹوبہ میں ایک ٹراما سینٹر کی تعمیر کا کام بھی روک دیا ہے۔ تقریباً 55فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔