کوکنگ آئل، گھی، دال مسور اور گڑ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ

March 03, 2024

اسلام آباد(آئی این پی ) ادارہ شماریات کے مطابق کوکنگ آئل، گھی، دال مسور اور گڑ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ، سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 32.73فیصد ہوگئی۔ مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ جبکہ ماہانہ بنیاد پر کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 14 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 12اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور 25اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ایک ہفتے کے دوران دال مونگ، آلو، انڈے لہسن اور بیف سمیت کئی اشیا مہنگی ہوئیں۔ انڈے کی قیمتوں میں 1.32 فیصد، گیس کی قیمتوں میں 15.52 فیصد، پیاز کی قیمتوں میں 2.87 فیصد، آلو کی قیمتوں میں0.68 فیصد، دال مونگ کی قیمت میں 0.27 فیصد اور بیف کی قیمت میں 0.32 فیصد اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں دال ماش کی قیمتوں میں 0.97 فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں 0.85 فیصد، ٹماٹر کی قیمتوں میں 11.48 فیصد کمی ہوئی۔