بارش کے دوران اسلام آباد کی متعدد شاہراہوں پر پانی جمع، شہریوں کو مشکلات

March 03, 2024

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)شدید بارش کی وجہ سے ہفتہ کے روز اسلام آ باد کی کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے شہر یوں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔ موسلا دھار بارش کے دوران سی ڈی اے، ایم سی آئی اور آئی سی ٹی کی ٹیمیں متحرک رہیں اور شاہراہوں پر جمع ہونیوالے پانی کو بھی کلئیر کیا گیا۔ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ کی جانب سے قائم کی گئی ہیلپ لائن پر مختلف مقامات سے پانی جمع ہونے کی شکایات کے بروقت ازالے کو ممکن بنایا گیا تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سی ڈی اے، ایم سی آئی اور آئی سی ٹی کی مشترکہ ٹیمیں سی ڈی اے کے سیکٹوریل ایریاز، ہاؤسنگ سوسائٹیز سمیت نان سیکٹوریل ایریاز اور دیگر علاقوں کے نشیبی مقامات میں بھی متحرک رہیں اور ضرورت پڑنے پر گھروں سمیت نشیبی علاقوں سے ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے نکاسی آب میں لوگوں کی مدد کی گئی۔ بارشوں کے پیش نظر متعلقہ عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔