آئینی راستے سے خوف کی علامت ختم کریں گے، اسد قیصر

March 04, 2024

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ آئینی راستے سے خوف کی علامت کو ختم کریں گے۔

جیو نیوز کےپروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پلان بنارہے ہیں، دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ کررہے ہیں، تمام پارٹیوں کو ون پوائنٹ ایجنڈے پر جمع کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہم اجلاس بلا رہے ہیں تمام جماعتوں کو جمع کررہے ہیں، جس کا ایجنڈا قانونی کی حکمرانی ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ خوف کی علامت کو ختم کریں گے، جو آئین کے مطابق ہوگا وہی راستہ ہوگا کسی سے دشمنی نہیں ہوگی۔

اسد قیصر نے یہ بھی کہا کہ دھاندلی پہلے بھی ہوئی لیکن جو اس بار ہوا ہے اس کی مثال نہیں ملتی، لوگوں نے ووٹ بانی پی ٹی آئی کو دیا اور وزیراعظم شہباز شریف بن گئے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں قومی اسمبلی کی 15 سیٹیں تحریک انصاف کے امیدوار جیتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ فارم 45 کے مطابق جو ہمارا حق ہے واپس دیا جائے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پارٹی کے سامنے تجویز رکھوں گا کہ نگراں حکومت تو ہونی ہی نہیں چاہیے، نگراں حکومت نے جو کیا اور جس نے کرنے پر مجبور کیا بہت بڑا ظلم کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمارا مینڈیٹ واپس آئے گا اور ہم فری اینڈ فیئر الیکشن کرائیں گے، ہم ملک کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

اسد قیصر نے کہا کہ نواز شریف کہتے تھے ووٹ کو عزت دو، اب ووٹ کو عزت دینے کا وقت ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی مطالبہ کیا ہے کہ 9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے۔