آبِ زمزم چھوٹی چھوٹی بوتلوں میں بھر کر لانا/ خانۂ کعبہ سے مواقیت کا فاصلہ

March 15, 2024

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال:۔ چند مہینے پہلے آب زم زم کے متعلق ’’ آپ کے مسائل اور ان کا حل‘‘ میں آپ نے تحریر فرمایا تھا کہ آب زم زم کسی کی ملکیت نہیں ہے، اس سلسلے میں مزید راہ نمائی کی ضرورت ہے، خانۂ کعبہ میں آب زم زم پینے کے لیے کو لروں میں رکھا ہوتا ہے، جس سے لوگ پیتے ہیں، اور ہوٹلز میں پینے کے لیے چھوٹی بڑی بوتلوں میں بھر کر لے جاتے ہیں، یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ لوگ چھوٹی چھوٹی بوتلوں میں بھر کر سوٹ کیس / سامان میں رکھ کر پاکستان لاتے ہیں، میں نے جدہ ایئرپورٹ پر ایک پاکستانی ورکرسے پوچھا ، تو اس نے بتایا کہ اگر سامان میں رکھ کر لے جائیں تو کچھ نہیں کہتے، البتہ بڑی بوتلوں میں لے جانے کی اجازت نہیں ہے، اس سلسلے میں سعودی حکومت کی طرف سے ہدایات / احکامات نظر سے نہیں گزرے۔

یاد رہے کہ جدہ ائر پورٹ پر ہر عمرہ کرنے والے کو ویزہ پاسپورٹ دیکھ کر ایک چھ لیٹر والی بوتل کی پیکنگ میں 08.50 ریال ادا کر کے لے جانے کی اجازت ہے، صرف ایک بوتل ۔

1) براہ کرم اس صورت میں راہ نمائی فرمائیں کہ چھوٹی چھوٹی بوتلوں میں آب زم زم بھر کر سوٹ کیس/ سامان میں پاکستان لانا صحیح ہے؟

2)مکہ مکرمہ کے اطراف میں کون کون سے میقات ہیں ؟ ہر میقات کا فاصلہ خانہ کعبہ سے کتنے کلومیٹر ہے؟

جواب:1) آب زمزم لانا جائز ہے، بلکہ مستحب ہے، لیکن اگر سعودی حکومت کی طرف سے خاص مقدار سے زیادہ لانے پر پابندی ہو تو زیادہ مقدار میں نہ لایا جائے یا اگر خاص طریقے سے لانے کی اجازت ہو تو اس کی خلاف ورزی نہ کی جائے۔چھوٹی چھوٹی بوتلوں میں بھرکر سامان میں رکھ کر لانے کی صورت میں کچھ نہیں کہتے۔ البتہ بڑی بوتلوں میں لے جانے کی اجازت نہیں تو چھوٹی چھوٹی بوتلوں میں بھر کر سامان میں ڈال کر لائیں بڑی بوتلوں میں نہ لائیں۔ (اس مسئلے کا تعلق ائیرلائن کی پالیسی سے ہے، حکومت سے نہیں ہے۔)

2) مکہ مکرمہ کی اطراف میں پانچ میقات ہیں:

الف:ذو الحلیفہ (بیر علی)، مدینہ منورہ کی طرف سے مکہ مکرمہ کی طرف آنے والوں کے لیے میقات "ذو الحلیفہ" ہے،جسے آج کل بیر علی یا آبار علی کہا جاتا ہے، یہ مکہ مکرمہ سے تقریباً ڈھائی سو میل (410 کلو میٹر) کے فاصلے پر ہے۔

ب:جحفہ:مکہ مکرمہ کی شمالی جانب ملک شام وغیرہ سے آنے والوں کے لیے مکہ مکرمہ سے شمال مغرب میں بحر احمر کے ساحل کے قریب مدینہ طیبہ کے راستے میں "جحفہ " میقات ہے، لیکن آج کل "جحفہ" کا نام و نشان مٹ چکا ہے،اس لیے اس سے تھوڑا پہلے مشہور جگہ "رابغ" سے احرام باندھتے ہیں، اور یہ مکہ مکرمہ سے تقریباً سو میل(187 کلو میٹر) کے فاصلے پر ہے۔

ج: قرن المنازل:یہ مکہ مکرمہ کے مشرق مثلاً نجد کی طرف آنے والوں کا میقات ہے، مکہ مکرمہ سے تقریباً تیس پینتیس میل (80 کلو میٹر) کے فاصلے پر ہے، اور یہی میقات پاکستان اور ہندوستان والوں کے لیے بھی ہے۔

د:یلملم: مکہ مکرمہ کی جنوبی جانب یمن وغیرہ کی طرف سے مکہ مکرمہ آنے والوں کے لیے ہے، یہ (100 کلو میٹر) کے فاصلے پر ہے۔

ھ:ذات عرق:مکہ مکرمہ کی مشرقی شمالی جانب مثلاً عراق وغیرہ کی طرف سے آنے والوں کے لیے ذات عرق میقات ہے یہ مکہ سے تقریباً پچاس میل (90 کلو میٹر) کے فاصلے پر ہے۔