اگر جہاز میں کھڑے ہوکر اور قبلہ رُخ نماز پڑھنا ممکن نہ ہو تو کیا حکم ہوگا؟

March 15, 2024

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال:۔ جہاز میں سفر کے دوران بار بار درخواست کے باوجود جہاز کا عملہ نماز پڑھنے سے منع کرتا ہے، سیٹ پر بیٹھے بیٹھے نماز کی ادائیگی ممکن ہے، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ اگر ہم جدہ سے کراچی سفر کریں تو قبلہ کا تعین مشکل ہے، اندازہ ہی کیا جاسکتا ہے، کراچی آتے ہوئے ہمارا رخ شمال مشرق کی طرف ہوتا ہے اور قبلہ ہمارے پیچھے یعنی جنوب مغرب کی طرف ہوتا ہے، اس صورت میں سیٹ پر بیٹھے بیٹھے نماز کی ادائیگی کس طرح ہوگی؟

جواب:۔صورتِ مسئولہ میں اگر قبلہ معلوم اور متعین ہونے کے باوجود قبلہ کی طرف رخ کرنا ممکن نہ ہو، تو ایسی صورت میں جس طرف رخ ممکن ہو، اسی طرف منہ کرکے نماز پڑھنے کی اجازت ہے، لیکن قیام پر قدرت ہوتے ہوئے، بلاعذر سیٹ پر نماز پڑھنا درست نہیں ہے۔

لہٰذا اگر جہاز کے سفر کے دوران وہاں کے عملے کی طرف سے کھڑے ہوکر نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ہے، نیز قبلہ متعین ہونے کے باوجود، بیٹھ کر قبلے کی طرف رخ کرنا ممکن ہو تو قبلہ رخ ہو کر سیٹ پر نماز ادا کر لی جائےاور اگر قبلہ رخ ہونا ممکن نہیں ہے، تو ایسی صورت میں بیٹھ کر ہی نماز ادا کرلی جائے، تاکہ اس وقت حتیٰ الوسع مامورِ شرعی ادا ہوجائے، اور شرطِ لازم (قیام) فوت ہونے کی وجہ سے زمین پر اترنے کے بعد لازماً اس نماز کا اعادہ کرلیا جائے۔