جسٹن ٹروڈو کی جماعت 2 پاکستانی نژاد اراکین کے تعاون سے 5.6 ملین ڈالرز فنڈز جمع کرنے میں کامیاب

March 26, 2024

---- فائل فوٹو

کینیڈا کی برسرِاقتدار لبرل پارٹی کے لیے فنڈز جمع کرنے میں 2 پاکستانی نژاد ارکانِ پارلیمنٹ سلمٰی زاہد اور شفقت علی ’ٹاپ ٹین‘ میں آئے ہیں۔

الیکشن کینیڈا کے اعداد وشمار کے مطابق برسرِاقتدار لبرل پارٹی نے تمام ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشنز کے ذریعے 5.6 ملین ڈالر کے فنڈز اکٹھے کئے جبکہ اپوزیشن کنزرویٹو پارٹی نے 3.6 ملین ڈالر جمع کئے ہیں۔

وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو کی قیادت میں لبرل پارٹی آف کینیڈا پارٹی فنڈز میں کنزرویٹو پارٹی آف کینیڈا سے 2 ملین ڈالر آگے ہے۔

لبرل پارٹی کے پاکستانی نژاد ارکانِ پارلیمنٹ سلمٰی زاہد (اسکاربورو سینٹر) اور شفقت علی (برامپٹن سینٹر) قومی سطح پر پارٹی فنڈز جمع کرنے میں پہلے 10 ارکان میں آئے ہیں۔

نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے رکنِ پارلیمنٹ شفقت علی نے کہا کہ میں پاکستانی کمیونٹی میں 20 سال سے کام کر رہا ہوں۔ میں اپنی کمیونٹی اور حلقے والوں سے کہتا ہوں کہ میں پارلیمنٹ میں آپ کی آواز ہوں۔ اس طرح وہ ہر قسم کی سپورٹ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں پارٹی فنڈز دینے والے تمام افراد کا مشکور ہوں۔ میں اپنی کمیونٹی کی اُمیدوں پر پورا اُترنے میں کوشاں رہتا ہوں۔