موبائل فون چارجنگ کو محفوظ کیسے بنائیں؟

March 27, 2024

--- فائل فوٹو

اگر آپ موبائل فون چارجنگ پر لگا کر استعمال کرنا چاہتے ہیں تو درج ذیل طریقے سے استعمال کریں۔

فون کی لائف بڑھائیں اورچارجنگ کو محفوظ بھی بنائیں۔

غیرمعیاری چارجر سے اجتناب

سستے اور غیر معیاری چارجر ناصرف موبائل فون کی بیٹری کی عمر کو کم کرتے ہیں بلکہ شارٹ سرکٹ کا بھی باعث بن سکتے ہیں جس سے گھر میں آتشزدگی کے واقعات بھی رونما ہونے کا قوی امکان ہوتا ہے۔

ملٹی چارجنگ پورٹ

بعض افراد ایسے چارجرز لیتے ہیں جن میں ملٹی پورٹ ہوتی ہیں جو مختلف قسم کے موبائل چارجنگ کے لیے استعمال ہو سکتے ہیں۔

ایسے چارجرز جن کے ساتھ ملٹی پورٹ ہوں ان کا استعمال مناسب نہیں ہوتا کیونکہ مختلف موبائلز میں لگی بیٹری کے ایمپیئرز مختلف ہوتے ہیں جس کی وجہ سے چارجرپرلوڈ آتا ہے اور اس بات کا امکان بڑھ جاتا ہے کہ چارجر گرم ہوکر شارٹ سرکٹ ہوجائے۔

اسی لیے ماہرین ہمیشہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ مشترکہ چارجر کے بجائے ہر فون کے لیے اس کا مخصوص چارجر ہی استعمال کیا جائے۔

اصلی چارجر ہی خریدیں

آگر آپ کے موبائل کے ساتھ آنے والا چارجر خراب ہو گیا یا کہیں گم ہوگیا ہے تو اس صورت میں آپ دوسرا چارجر خریدتے وقت اس بات کی یقین دہانی کریں کہ اصلی چارجر خریدا جائے خواہ وہ قدرے مہنگا ہی کیوں نہ ہو تاکہ حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔

موبائل چارجنگ پر لگاکر بستر پر یا تکیے کے نیچے رکھنا

اکثر اوقات لوگ موبائل چارج کرنے کے لیے اسے چارجر پر لگا کر یا تو موبائل کو تکیے کے نیچے رکھ دیتے ہیں یا پھر چارجنگ پر لگا کر باآسانی استعمال کرنے کے لیے بستر پر رکھ دیتے ہیں جو انتہائی غلط ہے اور یہی آتشزدگی کا باعث بننے کا بنیادی سبب ہے کیونکہ موبائل چارجنگ کے دوران گرم ہوجاتا ہے، جس سے اس کے پھٹنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

چارجنگ کے دوران موبائل کا استعمال

اگر آپ فون چارجنگ کے دوران استعمال کرنا چاہتے ہیں تو صرف اسے میسج کی حد تک استعمال کریں۔

دوران چارجنگ غیر ضروری ایپلی کیشنز کا استعمال، کالز، ویڈیو ریکارڈنگ وغیرہ سے موبائل فون گرم ہوجاتا ہے اور اس سے بڑے نقصان کا اندیشہ بڑھ جاتا ہے۔