بلوچستان، بارشیں برسانے والا نیا سسٹم داخل

March 28, 2024

بلوچستان میں بارشیں برسانے والا مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل ہوگیا، کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، محکمہ موسمیات نے جمعرات کو صوبے کے 16 اضلاع میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب کی جانب سے بارشیں برسانے والا سلسلہ بدھ کو بلوچستان میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، سبی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللّٰہ، قلعہ سیف اللّٰہ، قلات اور خضدار میں تیز ہواﺅں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، جھل مگسی، لورالائی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللّٰہ، قلعہ سیف اللّٰہ، قلات اور خضدار میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم صوبے کے دیگر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا۔