برطانیہ میں ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں رہائش کے اخراجات زیادہ

March 28, 2024

لندن (سعید نیازی) مکانات کی حالت اور ان کی قیمت کے بارے میں برطانوی عوام کا احتجاج کرنے کی وجہ یہ ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کی نسبت برطانیہ میں رہائش کے اخراجات زیادہ ہیں۔ تاہم فن لینڈ واحد ملک ہے جہاں کے باسی برطانوی عوام سے بھی زیادہ ہائوسنگ اخراجات پر اپنی آمدنی کا زیادہ حصہ خرچ کرتے ہیں۔ ریزولیشن فائونڈیشن تھنک ٹینک کی تحقیق کے مطابق نیویارک کے وسطی علاقے میں رہنے والوں کے پاس لندن کے باسیوں کی نسبت ایک چوتھائی زیادہ جگہ ہے۔ یورپی ممالک میں اتنے پرانے گھر نہیں جتنے کہ برطانیہ میں ہیں۔ یہاں ہردس میں چار گھردوسری جنگ عظیم کے خاتمے سے پہلے بنے تھے۔ فائونڈیشن کے مطابق برطانوی گھروں میں توانائی کی کارکردگی کا معیار بھی بہتر نہیں ہے۔ برطانوی، یورپی شہریوں کی نسبت کام پر جانے کیلئے وقت بھی زیادہ صرف کرتے ہیں، کیونکہ چھوٹے، غیرمعیاری مگر مہنگے گھر ایسے مقامات پر ہیں جہاں سے سفر کرنا بھی آسان نہیں۔ برطانوی ضرورت سے زائد گھر بھی نہیں خریدتے، یورپ میں جرمن اور آئرلینڈ ایسے ممالک ہیں جہاں برطانوی سے بھی کم دوسرا گھر خریدنے کا رحجان ہے۔ حکومت نے 2019میں کرایہ داروں کیلئے ریفارم بل متعارف کرایا تھا، جس کے تحت کرائے داری کو بغیر کسی غلطی کے نہ نکالنے اور گھر کے معیار کو بہتر رکھنے کی شرائط شامل تھیں لیکن پانچ برس کا عرصہ گزر جانے کے باوجود یہ بل پارلیمنٹ سے منظور نہیں ہو سکتا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ الیکشن میں ہائوسنگ بھی انتخابی مہم کا ایک اہم موضوع ہوگا۔