ہمیں اب راحت فتح علی خان کو پہلے سے زیادہ عزت و محبت دینی چاہیے: ریشم

March 28, 2024

ـــ فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریشم کا کہنا ہے کہ لوگوں کو اب گلوکار راحت فتح علی خان کو پہلے سے زیادہ عزت اور محبت دینی چاہیے۔

ریشم نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے راحت فتح علی خان کی ملازم پر تشدد کرتے وائرل ہونے والی ویڈیو کے واقعے کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے کہا کہ راحت فتح علی خان ہمارے ملک کا بہت بڑا نام ہیں وہ جہاں بھی گئے اُنہوں نے ہمیشہ پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ میرے دل میں راحت فتح علی خان صاحب کی ایک بات بہت اچھی لگی کہ جس انسان کا اُنہوں نے دل دکھایا اس سے بھی معافی مانگی، اللّٰہ سے معافی مانگی، پھر ہم سب لوگوں سے بھی معافی مانگی جس کے بعد میری نگاہ میں ان کی عزت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں ایسے بہت کم لوگ ہوتے ہیں جو اپنی غلطی کو مانتے ہیں، اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم راحت فتح علی خان صاحب کو پہلے سے زیادہ عزت اور محبت دیں۔

واضح رہے کہ رواں سال 27 جنوری کو سوشل میڈیا پر راحت فتح علی خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنے گھریلو ملازم پر تشدد کررہے تھے، مذکورہ ویڈیو میں گلوکار اپنے ملازم سے کسی بوتل کا پوچھ رہے تھے۔

اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ وہ کوئی دوسری بوتل (شراب) نہیں تھی بلکہ اُس بوتل میں اُن کے پیر کا دم کیا ہوا پانی تھا اور وہ بوتل اُس شاگرد سے کھو گئی تھی۔