بلوچستان میں طوفانی بارش سے 5 افراد جاں بحق، کان کن پھنس گئے

March 29, 2024

فائل فوٹو

شمالی مشرقی بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے باعث ضلع دکی میں مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

دکی میں ہی کوئلے کی کان میں 5 کان کن پھنس گئے ہیں جن کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

بارش کے باعث سیلابی ریلہ دکی کے علاقے ناصر آباد میں افطار سے قبل کوئلے کی کان میں داخل ہوا، جس کے باعث 5 کان کن پھنس گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی 60 فٹ تک کان کے اندر جا چکا ہے اور پھنسے ہوئے کان کنوں سے رابطہ بھی منقطع ہے۔

لیویز ذرائع کے مطابق ضلع دکی میں مسلسل 10 گھنٹے تک موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال ہے۔

دوسری جانب ہرنائی میں کئی مقامات پر پنجاب کو ملانے والی شاہراہ سیلابی ریلوں میں بہہ گئی۔

کوژک ٹاپ میں کئی مقامات پر شاہراہ سیلابی ریلے سے متاثر ہوئی ہے، دھاناسر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قومی شاہراہ بند ہے۔