پاکستان نژاد چوہدری شہباز سرور ورکر پارٹی کے امیدوار نامزد

March 29, 2024

گریٹر مانچسٹر / بولٹن(نمائندہ جنگ ) 2مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے راچڈیل سے رکن پارلیمنٹ جارج گیلوے نے مانچسٹر کی لانگ سائٹ وارڈ سے پاکستان نژاد چوہدری شہباز سرور کو ورکر پارٹی کی جانب سے امید وار نامزد کر دیا ۔چوہدری شہباز سرور نے اپنی نامزدگی کے بعد جنگ سے گفتگو کرتے ہوے جارج گیلوے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی پارٹی کی جانب سے امیدار نامزد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لانگ سائٹ وارڈ ایک پسماندہ وارڈ ہے جس پر گزشتہ کئی برسوں سے لیبر کا کنٹرول ہے لیکن لیبر پارٹی نے یہاں کے عوام کے مسائل کے لئے کچھ نہیں کیا یہ وہ سوال ہے جس کا کسی کے پاس کوئی جواب نہیں جس کی بنا پر آج یہ علاقہ کئی قسم کے مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ عوام 2 مئی کو ایک نئی جماعت ورکر پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دے کر اپنے ردعمل کا اظہار کریں گے اور ثابت کریں گے کہ عوام بھیڑ بکریاں نہیں انہوں نے کہا کہ اپنی کامیابی کی صورت میں پوری دیانتداری اور زمہ داری کے ساتھ کونسل کے ایوانوں میں عوام کے مسائل اور ان کے حقوق کہلیے آواز بلند کروں گا اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ اس موقع پر لانگ سائٹ وارڈ سے ان کے ووٹر اور سپورٹر سیاسی راہنما حاجی گلزار خان نے کہا کہ چوہدری شہباز سرور ایک تعلیم یافتہ محنتی قابل اور زہن نوجوان ہیں ان کی کارکردگی نہ صرف پارٹی کے لئےبلکہ لانگ سائٹ وارڈ کی عوام کہلیے بھی باعث فخر ثابت ہو گی۔