یو کے اسلامک مشن اور لوٹن فٹبال کلب کا ’’یونٹی افطار ڈنر‘‘

March 29, 2024

لوٹن (اسرار احمد راجہ) لوٹن میں یوکے اسلامک مشن اور لوٹن فٹبال کلب کے اشتراک سے ’’یونٹی افطار ڈنر ‘‘کا اہتمام کیا گیا جس میں دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی مسلم کمیونٹی کی جانب سے شرکت کی ۔یونٹی افطار ڈنر میں میئر آف لوٹن یعقوب حنیف ، لارڈ قربان حسین ، لیڈر آف اپوزیشن امجد حسین،پروفیسر مسعود اختر ہزاروی ،چوہدری محمد شریف ، شوکت بٹ ، اقدس مغل، انوار ملک ، ڈاکٹر طاہر لون کے علاوہ کونسلرز، علماء، چرچ کے نمائندوں، سیاسی ،سماجی اور کاروباری افراد ،فٹبال کلب کے ممبران سمیت عام شہری بھی شریک تھے ۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، ریحانہ فیصل نے نقابت کے فرائض انجام دئیے ۔ یو کے اسلامک مشن کے نمائندگان نے شرکاء کو جاری پراجیکٹس کے بارے میں آگاہی دی، غیر مسلم کمیونٹی کے تمام افراد نے خاموش رہ کر نہ صرف اذان کا احترام کیا بلکہ کھانا پینا بھی مسلم کمیونٹی کے اوقات کار کے مطابق کیا چند غیر مسلم شرکاء نے یکجہتی کیلئے روزے کا بھی اہتمام کیا اور حاضرین کو روزے کے حوالے سے اپنے جذبات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پرلوٹن فٹبال کلب کے چیئرمین ڈیوڈ ویلکنسن، مینجر روب ایڈورڈ ، کریس بل کمرشل ڈائریکٹر ، لوٹن فوڈ بنک کی لیز کے علاوہ فٹبال کلب کے آفیشل بھی موجود تھے۔تقریب میں نوجوان فٹبالر نسیم ایل گورجا جو انڈر فیفٹین پلیئر ہیں کو، خصوصی اہمیت دی گئی ۔ نسیم رمضان مبارک میں فٹبال کی ٹرینگ باقاعدگی سے کرتا ہے مگر روزہ بھی نہیں چھوڑتا۔ شرکا کی آگاہی کیلئے اسٹیج کے عقب میں بڑی اسکرین بھی نصب کی گئی جس میں مختلف ویڈیو کے ذریعے تفصیلات بتائی گئیں۔