ٹرین ڈرائیوروں کی اگلے ہفتے سے ممکنہ ہڑتال، 16 ٹرین فرمز متاثر

March 29, 2024

مانچسٹر(ہارون مرزا)ٹرین ڈرائیوروں کی اگلے ہفتے سے ممکنہ ہڑتال سے نہ صرف 16ٹرین فرمز متاثر ہونگے بلکہ ہزاروں مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے. ریل کے مالکان ٹرینوں میں ہڑتال کے دوران بھاری بونس اور تنخواہوں میں اضافہ کرتے ہیں مگر ہڑتال کے مجموعی اثرات لازمی مسافروں کو پریشان کرتے ہیں۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق طویل عرصے سے جاری تنخواہ کے تنازعہ میں ٹرین ڈرائیوروں کی ہڑتالوں اور اوور ٹائم پابندی کی وجہ سے ریل کے مسافروں کو نئے خلل کی تنبیہ کی جا رہی ہے۔ 16 ٹرین آپریٹرز پر اسلیف کے اراکین5سے 8اپریل کے درمیان مختلف ٹرین آپریٹنگ کمپنیوں میں ایک روزہ ہڑتال کرینگے۔ جمعرات 4 اپریل سے ہفتہ 6 اپریل اور پیر 8 اپریل سے منگل 9 اپریل تک اوور ٹائم پابندی بھی لگائیں گے۔ یہ اس بات کے انکشاف کے بعد سامنے آیا ہے کہ ہڑتال کرنے والے ٹرین ڈرائیورز 1لاکھ پائونڈ کی تنخواہوں کے لیے ایک طویل عرصے سے جاری تنازعہ کو ختم کرنے کے لیے معاہدے پر رضامندی کے بعد راستے پر ہیں۔ ہڑتالوں کے لیے نظر ثانی شدہ ٹائم ٹیبل تیار کر لیے گئے ہیں اور مسافروں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ سفر کرنے سے پہلے چیک کر لیں۔ نیٹ ورک کے بڑے حصوں میں خدمات میں تبدیلیاں ہوں گی۔ بعض ٹرین آپریٹرز ہڑتال کے دنوں میں کوئی سروس نہیں چلا رہے ہیں ۔ٹرین کمپنیوں نے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ خدمات پیش کریں لیکن علاقائی تغیرات ہوں گے۔ بعض علاقوں میں ہڑتال کے دنوں میں کوئی خدمات نہیں رہیں گی۔ لندن کے انڈر گراؤنڈ ڈرائیور جو اسلیف کے ممبر ہیں وہ بھی ایک الگ تنازعہ میں پیر 8 اپریل کو 24 گھنٹے کے لیے ہڑتال کرنے والے ہیں۔ ریل ڈیلیوری گروپ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمیں افسوس ہے کہ اسلیف قیادت کی طرف سے بلائی گئی ہڑتالوں کے اس دور سے سفر میں خلل پڑنے کا خطرہ ہے۔ جب کہ ہم ٹرینوں کو چلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں اپنے صنعتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر زیادہ سے زیادہ ٹرینوں کو چلانے کے لیے کام کریں گے مگر بدقسمتی سے جمعرات 4 اپریل سے منگل 9 اپریل کے درمیان خدمات کم ہوں گی۔