امیتابھ بچن سے لے کر شاہ رخ خان تک: بالی ووڈ کے اعلیٰ تعلیم یافتہ ستارے

March 29, 2024

---فائل فوٹو

شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے اور کامیاب ہونے کے لیے کسی خاص ڈگری کی نہیں بلکہ اچھی شخصیت، اعتماد اور کیمرے کے سامنے خود کی صلاحیتوں کو منوانے کی ضرورت ہوتی ہے۔

اکثر خیال کیا جاتا ہے کہ شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد کم پڑھے لکھے ہوتے ہیں جبکہ حقیقت میں ایسا نہیں ہے، دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری، بالی ووڈ کی اگر بات کی جائے تو یہاں اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد موجود ہیں جن کی تعلیمی قابلیت سُن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔

بھارتی میڈیا ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کے کچھ انتہائی کامیاب بالی ووڈ ستاروں کی فہرست تیار کی گئی ہے جن کے لیے تعلیم فلمی دنیا میں نام کمانے سے زیادہ اہم تھی۔

امیتابھ بچن

امیتابھ بچن---فائل فوٹو

بالی ووڈ کے بگ بی کا شمار انڈسٹری کے سب سے زیادہ پڑھے لکھے لوگوں میں ہوتا ہے۔

اُنہوں نے نینی تال کے شیرووڈ کالج سے گریجویشن مکمل کیا اور پھر کیروری مال کالج سے آرٹس اور سائنس میں دو ڈگریاں حاصل کی ہیں۔

اس کے علاوہ اِنہیں آسٹریلیا کی کوئنز لینڈ یونیورسٹی نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے بھی نواز رکھا ہے۔

شاہ رخ خان

شاہ رخ خان---فائل فوٹو

بالی ووڈ کے بادشاہ، اداکار شاہ رخ خان بھی ان اداکاروں میں سے ایک ہیں جن کی تعلیمی قابلیت بہت زیادہ ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان اپنے اسکول اور کالج دونوں میں ایک بہترین طالب علم تھے اور انہوں نے اپنے تعلیمی دور میں کئی انعامات بھی حاصل کیے۔

انہوں نے سینٹ کولمبیا اسکول سے اپنی تعلیم مکمل کی اور پھر معاشیات میں گریجویشن کے لیے ہنسراج کالج میں داخلہ لے لیا۔

بعد ازاں شاہ رخ خان ماس کمیونیکیشن میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے جامعہ ملیہ اسلامیہ چلے گئے۔

اداکاری کے شعبے میں مصروفیات بڑھ جانے کی وجہ سے وہ ماسٹرز کی ڈگری مکمل نہیں کر سکے۔

ودیا بالن

ودیا بالن---فائل فوٹو

ودیا بالن نے 16 سال کی عمر میں مشہور ٹی وی شو ’ہم پانچ‘ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا لیکن وہ اب بھی بالی ووڈ کی سب سے پڑھی لکھی اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔

انہوں نے سینٹ زیویئر کالج سے سوشیالوجی میں گریجویشن کیا اور اداکاری کو ایک مکمل پیشے کے طور پر منتخب کرنے سے پہلے ممبئی یونیورسٹی سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔

جان ابراہم

جان ابراہیم---فائل فوٹو

اداکار جان ابراہم نے اپنی ابتدائی تعلیم ممبئی اسکاٹش اسکول سے حاصل کی اور پھر جئے ہند کالج سے معاشیات میں ڈگری حاصل کی۔

معروف اداکار نے نرسی مونجی کالج آف مینجمنٹ اسٹڈیز سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں بھی ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

سوہا علی خان

سوہا علی خان---فائل فوٹو

اداکارہ و پٹودی خاندان کی شہزادی، سوہا علی خان نے اپنی ابتدائی تعلیم برٹش اسکول، نئی دہلی سےحاصل کی۔

انہوں نے بالیول کالج، آکسفورڈ میں جدید تاریخ کی تعلیم حاصل کی اور لندن اسکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹر ڈگری حاصل کی۔

آیوشمن کھرانہ

آیوشمن کھرانہ---فائل فوٹو

اداکار آیوشمن کھرانہ کا بھی ایک بھرپور تعلیمی ریکارڈ ہے جس میں ڈی اے وی کالج، چندی گڑھ سے انگریزی ادب میں بیچلر کی ڈگری شامل ہے۔

اس کے علاوہ اُنہوں نے چندی گڑھ کے اسکول آف کمیونیکیشن اسٹڈیز سے ماس کمیونیکیشن میں بھی ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

پرینیتی چوپڑا

پرینیتی چوپڑا---فائل فوٹو

اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے برطانیہ کے مانچسٹر بزنس اسکول سے بزنس، فنانس اور اکنامکس میں ٹرپل آنرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔

ورون دھون

ورون دھون---فائل فوٹو

اداکار ورون دھون کا شمار بھی بالی ووڈ کے پڑھے لکھے اداکاروں میں ہوتا ہے۔

اُنہوں نے برطانیہ کی ناٹنگھم ٹرینٹ یونیورسٹی سے بزنس مینجمنٹ میں ڈگری حاصل کی ہے۔

سارہ علی خان

سارہ علی خان---فائل فوٹو

سارہ علی خان بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی شخصیت اور اداکارانہ صلاحیتوں کے سبب سب کے دل جیتنے میں کامیاب رہی ہیں۔

انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم بیسنٹ مونٹیسوری اسکول، ممبئی سے مکمل کی اور پھر کولمبیا یونیورسٹی، نیویارک میں تاریخ اور سیاسیات کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے داخلہ لیا اور ڈگری مکمل کی۔