لاہور: تاجر کا اغوا کے بعد قتل، ملزمان خیبر پختونخوا سے گرفتار

April 05, 2024

لاہور کے علاقے رائیونڈ سے تاجر کو اغواء کے بعد قتل کرنیوالے دونوں ملزمان کو خیبر پختونخوا سے گرفتار کر لیا گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ڈاکٹر آنوش مسعود کے مطابق ملزمان ذیشان اور بلال کو ضلع ہری پور سے گرفتار کیا گیا، ملزمان نے چند روز قبل لین دین کے تنازع پر تاجر عاصم کو اغواء کے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا تھا۔

ملزمان مغوی کے گھر والوں سے تاوان کا مطالبہ بھی کرتے رہے، انہوں نے واردات کے بعد لاش بوری میں ڈال کر روہی نالے میں پھینک دی تھی۔

ڈاکٹر انوش مسعود کے مطابق مقتول اور ملزمان ایک ہی گاؤں کے رہایشی اور رشتہ دار ہیں، مزید تفتیش جاری ہے۔