عید ختم، عیدی ہضم، مگر چھٹیاں ابھی باقی ہیں

April 12, 2024

عید ختم تو عیدی ہضم ہوگئی لیکن چھٹیاں ابھی باقی ہیں، بچوں کا دل عید کے 3 دن بھرپور موج مستی کے ساتھ گزارنے کے بعد بھی نہیں بھرا۔

بچوں نے عید کی چھٹیاں باقی ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کل اور پرسوں کے پروگرام بھی بنالیے۔

عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران بڑوں کے پروگرام بھی جوبن پر ہیں، دعوتیں کھانے اور کھلانے کا سلسلہ مکمل ہوا تو اب آؤٹنگ کی باری آگئی۔

فوڈ اسٹریٹس کی رونقیں ڈبل ہوگئیں، باربی کیو کے خوشبو اڑاتے دھوئیں اور اپنوں کے ساتھ سے محفل اور عید کا مزہ دوبالا ہوگیا۔

آج اسلام آباد کے شکر پڑیاں میں عوام کا پڑاؤ رہا، بچوں نے دن بھر خوب موج مستی کی۔

راولپنڈی کے جوائے لینڈ میں بچوں نے ادھم مچایا تو حیدر آباد کا رانی باغ بھی بچوں کے شور شرابے سے آباد ہوا۔

مشیر سیاحت نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں صوابی کے سیاحتی مقام پر عید کے 3 دنوں میں 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد سیاحوں کی آمد ہوئی۔

دوسری طرف آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بھی سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچی ہے۔