ملک کا بڑا مسئلہ سیاسی عدم استحکام ہے، کم عمر ترین صحافی محمد حسنین

April 14, 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’جرگہ‘‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے کم عمر ترین صحافی، کالم نگار محمد حسنین کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ سیاسی عدم استحکام ہے سیاستدان اگر ملک کیلئے کام کرتے تو اسوقت حالات مختلف ہوتے۔معذرت کے ساتھ ہمارا تعلیمی نظام بری طرح ناکام ہوا ہے،مارشل آرٹ ایکسپرٹ عرفان محسود نے کہا کہ آٹھ سال میں پاکستان کا واحد ایتھلیٹ ہوں جس نے سو گنیز ورلڈ ریکارڈ بنائے ہیں ۔میری مارشل آرٹ اکیڈمی ہے سو گنیز ورلڈ ریکارڈ میرے ہیں اور میرے سولہ شاگرد ہیں جو گنیز ورلڈ ریکارڈ بنا چکے ہیں۔کم عمر ترین صحافی، کالم نگار محمد حسنین کہا کہ میری عمر اس وقت دس سال ہے۔ میں پشاور سے تعلق رکھتا ہوں اور اسلام آباد میں رہتا ہوں۔ اگر سامعین میرے بارے میں جاننا چاہتے ہیں تو میں بتانا چاہوں گا کہ میں او لیول کر رہا ہوں میں انگلش لیگویج کا ٹیچر ہوں ، بڑے لیول سے لے کر لوکل اکیڈمی تک بہت سی جگہوں پر انگلش پڑھائی ہے کمپیوٹر ایکسپرٹ بھی ہوں اور ایک ایجنسی میں بطور ڈائریکٹر بھی ہوں۔تین سال کی عمر سے انگریزی سیکھ رہا تھا اور اس وقت تقریباً پانچ چھ سال کا تجربہ رکھتا ہوں ۔میں نے کچھ ایسے کورس بھی کر رکھے ہیں جس کی وجہ سے میں دنیا میں کہیں بھی انگلش پڑھاسکتا ہوں۔چائنیزبھی میں نے سیکھ رکھی ہے اور جاپانی زبان سیکھ رہا ہوں اس سال این فائیو کا کورس مکمل کرلوں گا۔ محمد حسنین نے مزید کہا کہ ہم حال ہی میں پشاور سے اسلام آباد منتقل ہوئے ہیں۔سوشل میڈیا پر میرا اپنا چینل موجود ہے فیس بک پر پیج بھی موجود ہے اور میرے تقریباً تیرہ لاکھ فالور ہیں میں انگلش کے علاوہ life lessons اور یوتھ پر بھی بات کرتا ہوں۔ میں ریڈیو میں بطور میزبان فرائض انجام دے چکا ہوں ٹی وی پر ہوسٹنگ کی اور کئی لوکلز اور نیشنل چینلز پر ساتھ ہی میں لکھتا بھی ہوں اور میری اپنی ویب سائٹ ہے جہاں میرے بلاگس بھی موجود ہیں۔دو سال میں میرے او اور اے لیول مکمل ہوجائیں گے ممکن ہے آگے کی اسٹیڈیز انٹرنیشنلی کروں ۔میں نے بہت سے مختلف اخباروں کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔ فرنٹ لائن رپورٹر بھی اخبار کے لیے کام کیا ہے اور بطور کالمسٹ بھی کیا ہے میری مہارت زیادہ کمونکیشن اسکل کے اندر ہے۔ میں نے سی آئی ڈی کیا ہے جب بہت چھوٹا تھا تب سے کمپیوٹر استعمال کرتا رہا ہوں۔ محمد حسنین نے مزید کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ سیاسی عدم استحکام ہے۔ سیاستدان اگر ملک کے لیے کام کرتے تو اس وقت حالات مختلف ہوتے۔ہماری یوتھ ٹیکنالوجی کے بہت قریب ہیں لیکن منفی استعمال زیادہ ہے ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔معذرت کے ساتھ ہمارا تعلیمی نظام بری طرح ناکام ہوا ہے ۔مجھے کتابیں پڑھنا بہت اچھا لگتا ہے ۔میری فیلڈ صحافت تھی اور آگے بھی یہی رہے گی لیکن طریقہ مختلف ہوگا میں کسی چینل سے وابستہ نہیں ہونا چاہوں گا چونکہ اس میں آپ محدود ہو کر رہ جاتے ہیں جبکہ اگر میں انفرادی طور پر کام کرتا ہوں تو میں ہر موضوع کو چننے کے لیے اور اس پر بات کرنے میں آزاد ہوں گا اور انہیں بنیادی چیزوں کی وجہ سے میں عوام کی آواز بن سکوں گا۔