ڈرامہ سیریل ”عشقاوے“ کا آج اختتام، نیا سیریل ”محروم“ پیر سے شروع ہوگا

April 14, 2024

کراچی ( جنگ نیوز) عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی زیر نگرانی ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے بینر تلے تخلیق کئے گئے ڈرامہ سیریل ”عشقاوے‘ کی آخری قسط اتوار کی شام 7 بجے ”جیو ٹی وی“ سے نشر کی جائے گی۔ یہ ڈرامہ ”زویا“نامی لڑکی کی دِل چھو لینے والی کہانی ہے۔ ناظرین اب یہ دیکھنے کو بے تاب ہیں کہ کیا زویا اپنے خوابوں کو پورا کرپائے گی یا نہیں؟۔ ”عشقاوے“ کی آخری اور طویل قسط اتوار کی شام 7 سے 9 بجے تک ”جیو ٹی وی“سے نشر ہوگی۔ دوسری جانب سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے تخلیق کئے گئے ڈرامہ سیریل ”محروم“ کا پیر سے آغاز ہوگا جس کی پروموشن کی پہلی ہی جھلک نے ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کرلیا ہے۔ رادین شاہ کے قلم کار شاہکار کہانی مظہرمعین کی ڈائریکشن میں تیار کی گئی ہے۔ ڈرامے کی اسٹار کاسٹ میں جنید خان، حنا الطاف، کاشف محمود، جویریہ عباسی، لبنیٰ اسلم اور دیگر ساتھی فنکار شامل ہیں۔ قمر ناشاد کی شاعری اور نبیل شوکت کی آواز کے ہمراہ نوید ناشاد نے اپنی کمپوزیشن کے ذریعے ڈرامے کا دلکش او ایس ٹی تیار کیا ہے۔ محبت، رشتوں اور شکوک کے گرد گھومتی اس کہانی کا انجام اس ڈرامے کی دلچسپ کہانی میں دکھایا جائے گا۔ ڈرامہ سیریل ”محروم“ پیر سے روزانہ رات 9 بجے ”جیو ٹی وی“ سے نشر ہوگا۔