چھوٹے تاجر پر فکس ٹیکس لگا دیا جائے سارا جھنجھٹ ختم ہوجائیگا، تاجر رہنما

April 14, 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکےپروگرام ’’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ ’’میں گفتگو کرتے ہوئے صدر آل پاکستان انجم تاجران سندھ جاوید قریشی نے کہا ہےکہ چھوٹے تاجر پر فکس ٹیکس لگا دیا جائے تو سارا جھنجھٹ ختم ہوجائے گا لیکن ادارے یہ چاہتے ہیں کہ سب معاملات اپنے ہاتھ میں رکھ کر تاجروں کو پریشان کریں، تاجروں نے کبھی ٹیکس دینے سے انکار نہیں کیا ہمارا اختلاف صرف طریقہ کار پر ہے،آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین نعیم میر نے کہاکہ ٹیکسوں کے نفاذ کو تاجربرادری کی مشاورت کے ساتھ عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ ٹیکس کے نفاذ میں زیادتی نہیں ہونی چاہیے، تجزیہ کار و اینکر منصور علی خان نے کہا کہ انتخابات سے متعلق تحریک انصاف کے اعتراضات میں وزن ضرور ہے لیکن جب تک عدالتی تصدیق نہیں ہوگی تب تک وہ صرف بیان ہی رہے گا۔ قانونی فرنٹ پر ابھی تک تحریک انصاف کو اس میں کامیابی نہیں ملی ہے۔ صدر آل پاکستان انجم تاجران سندھ جاوید قریشی نے کہا کہ ایف بی آر کو بے جا اختیارات دے دئیے گئے ہیں اس سے چھوٹے تاجروں میں بہت تشویش پائی جاتی ہے۔ ایف بی آر کو مزید اختیارات دینے کی وجہ سے معاملات مزید خرابی کی طرف جائیں گے ۔اسکیم میں کافی ابہام ہے اور جب انہوں نے ایس آر او جاری کر دیا ہے تو اس کے بعد بات چیت کا کیا نتیجہ نکلتا ہے بات چیت پہلے ہونے کی ضرورت تھی تاکہ اس میں بہتری لائی جاسکے ۔تاجروں نے کبھی ٹیکس دینے سے انکار نہیں کیا ہمارا اختلاف صرف طریقہ کار پر ہے۔ مثال کے طور پر اگر دس کروڑ کی مالیت لگائی جاتی ہے اس کے دس فیصد کا دس فیصد یہ کوئی طریقہ نہیں ہے ٹیکس یہ ایک شاہی حکم ہوگا جس سے ایف بی آر مزید خودمختار ہوجائے گا کہ وہ جسے چاہے ٹیکس بڑھا کر لگا دے یا گھٹا کر لگا دے۔بجلی کے بلوں میں تیرہ قسم کے ٹیکس پہلے سے موجود ہیں سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس بھی اس میں لگادیا گیا ہے۔کمرشل میٹر پر پہلے سے انکم ٹیکس دیا جارہا ہے تو یہ مزید ٹیکس لینے کی کیا بات ہے۔چھوٹے تاجر پر فکس ٹیکس لگا دیا جائے تو سارا جھنجھٹ ختم ہوجائے گا لیکن ادارے یہ چاہتے ہیں کہ سب معاملات اپنے ہاتھ میں رکھ کر تاجروں کو پریشان کریں۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین نعیم میر نے کہا کہ تاجر دوست اسکیم کے دو حصے ہیں پہلا حصہ تاجروں کی رجسٹریشن اور دوسرا تاجروں پر ٹیکس کا نفاذ ہے۔ پہلا حصہ جس میں تاجروں کو رجسٹرڈ کرنے کی بات ہے یہ بہت سادہ اور آسان کر دیا گیا ہے اور ہم برسوں سے اس کوشش میں تھے کہ اردو کا سادہ فارم دیا جائے وکلاء کی فیسیں ادا نہ کرنی پڑیں ہم پر زائد بوجھ نہ آئے اور سادہ نظام ہو کہ ہم خود ہی اس نظام کا حصہ بن جائیں۔تاجر دوست اسکیم میں ایک ایپ متعارف کرائی گئی جس میں کچھ پوچھی گئی تفصیلات دے کر آپ رجسٹرڈ ہوسکتے ہیں ۔ اب اگلے مرحلہ ہے کہ ٹیکسوں کی وصولی کیسے کی جائے گی اس پر بہت سے سوالات موجود ہیں ہم نے چیئرمین ایف بی آر سے بھی ملاقات کی ہے ہمیں جو ایف بی آر نے ابھی تک بتایا ہے وہ یہ ہے کہ ٹیکسوں کے نفاذ کو تاجربرادری اور تاجروں کی مشاورت کے ساتھ عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ ٹیکس کے نفاذ میں زیادتی نہیں ہونی چاہیے۔ جاوید قریشی سے اگر مشاورت نہیں ہوئی تو انہوں نے انہیں اسٹیک ہولڈر تصور نہیں کیا ہوگا ایف بی آر نے ہمارے ساتھ اس موضوع پر مشاورت ہوئی ہے اور ہم نے اپنے تحفظات ان کو پہنچائے ہیں اور مذاکرات ہو رہے ہیں اور ہم ظلم و زیادتی نہیں ہونے دیں گے اور یقیناً ایف بی آر غلطیوں سے پاک نہیں ہے اگر وہ کوئی ایسا نظام لائے گا جس سے کرپشن میں اضافہ ہو ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے لیکن اس کے ساتھ ضروری ہے ہم اپنے طور طریقے بھی بدلیں اور جو طریقہ کار آپ چاہتے ہیں بتادیں کہ کس طریقے سے ٹیکس دینا چاہتے ہیں۔ تجزیہ کار و اینکر منصور علی خان نے کہا کہ تجزیہ کار و اینکر منصور علی خان نے کہا کہ جو چھ ججز کی طرف سے خط لکھا گیا ہے تحریک انصاف اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے چاہتی ہے کہ اس سے اپنی احتجاجی تحریک کا آغاز کریں اورنو مئی کے حوالے سے بتایا جارہا ہے کہ فیصلہ آنے والا ہے جو بڑا سخت ہوسکتا ہے اس فیصلے میں اب کون کون سے لیڈر نامزد ہوسکتے ہیں یہ بھی دیکھنا ہوگا اور میں سمجھتا ہوں اس احتجاجی تحریک کا ایک اور مقصد یہ بھی ہوسکتا ہے کہ اس فیصلے کو تھوڑا نرم کیا جائے تاکہ ایک دباؤ بڑھ سکے۔ عمران خان اگر کسی احتجاجی تحریک کو لیڈ نہ کر رہے ہوں تو میں نہیں سمجھتا اس کی وجہ سے حکومت پریشان ہوگی۔انتخابات سے متعلق تحریک انصاف کے اعتراضات میں وزن ضرور ہے لیکن جب تک عدالتی تصدیق نہیں ہوگی تب تک وہ صرف بیان ہی رہے گا۔ قانونی فرنٹ پر ابھی تک تحریک انصاف کو اس میں کامیابی نہیں ملی ہے۔