خطے کے ممالک تحمل سے کام لیں، متحدہ عرب امارات

April 14, 2024

یو اے ای وزارت خارجہ کی عمارت--- فائل فوٹو

اسرائیل پر ایرانی حملے کے بعد متحدہ عرب امارات نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ خطے کے ممالک تحمل سے کام لیں اور سفارت کاری سے کشیدگی کم کریں۔

اماراتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تنازعات کو مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے، دیرینہ تنازعات عالمی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

اس معاملے پر کہا گیا ہے کہ اقوامِ متحدہ خطے کے دیرینہ مسائل اور تنازعات حل کرے، اقوامِ متحدہ تنازعات حل کر کے عالمی امن و سلامتی کے لیے ذمے داریاں پوری کرے۔

حکومتِ امارات نے خطے میں عدم استحکام بڑھانے سے بچنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

اماراتی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ خطے کو عدم استحکام کی نئی سطحوں میں کھینچا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ایمریٹس ایئر لائنز نے اپنی کچھ پروازیں منسوخ کر دیں۔

ترجمان کے مطابق ایمریٹس ایئر لائنز نے اپنی کچھ پروازوں کا روٹ تبدیل کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔