متحدہ شعبہ خواتین کی رکن رہزنی کی واردات کے دوران گر کر شدید زخمی، مرکزی کمیٹی کی مذمت

April 14, 2024

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی مرکزی ایڈہاک کمیٹی نے ایم کیو ایم شعبہ خواتین کی رکن سے پرس چھیننے کی مذمت کی ہے۔

ایم کیو ایم ترجمان کے مطابق شاہینہ سہیل کے ساتھ آج ناظم آباد میں رہزنی کا بےرحمانہ واقعہ پیش آیا۔

ایم کیو ایم مرکزی کمیٹی نے کہا کہ فوٹیج میں واضح ہے کہ کس طرح ڈاکو بیدردی سے چلتی بائیک سے خاتون سے پرس چھینتے ہوئے فرار ہوا۔

مرکزی کمیٹی نے کہا کہ شاہینہ سہیل پرس چھینے جانے کے بعد اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور بری طرح گر پڑیں، گرنے کی وجہ سے ان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

ایم کیو ایم مرکزی کمیٹی نے کہا کہ چند ماہ قبل لیاقت آباد میں شعبہ خواتیں کی رکن رخشندہ بھی پرس چھیننے کے واقعے میں شہید ہوچکی ہیں۔

کمیٹی کے مطابق کراچی میں جرائم پیشہ ڈکیت سرعام دیدہ دلیری سے ڈکیتیاں کر رہے ہیں اور بزرگ خواتین تک ان سے محفوظ نہیں۔

ایم کیو ایم مرکزی کمیٹی نے کہا صوبائی حکومت، پولیس و انتظامیہ شہریوں کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں۔ کراچی کے شہری اپنی جان و مال کے تحفظ کےلیے ریاست پاکستان کی جانب سے ایکشن کے منتظر ہیں۔