عید کی چھٹیاں ختم، پردیسیوں کی آبائی علاقوں سے واپسی شروع

April 15, 2024

لاہور (اے پی پی) عیدالفطر اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کے بعد پردیسیوں کا آبائی علاقوں سے واپس صوبائی دارالحکومت لاہورروانہ ہونے کا سلسلہ گزشتہ روز سے شروع ہو گیا ۔ ملک کے مختلف علاقوں سے پردیسی واپس لاہور پہنچ رہے ہیں،پردیسیوں کی واپسی کے باعث شہر کے لاری اڈوں اور ریلوے سٹیشن پر بھی رش دیکھنے میں آ رہا ہے، سرکاری و غیر سرکاری ملازمین اہلخانہ کے ہمراہ واپس لاہور پہنچ رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ عید کے موقع پر پردیسیوں کی بڑی تعداد میں آبائی علاقوں میں واپسی کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی ٹرینیں بھی چلائی گئی تھیں۔ چھٹیاں ختم ہونے کے بعد پیر سے معمول کے مطابق تمام سرکاری و پرائیویٹ ادارے دوبارہ کھل اور کاروباری سرگرمیاں بھی شروع ہو جائیں گی ۔ دوسری طرف سٹی ٹریفک پولیس نے سی ٹی او عمارہ اطہر کے حکم پر داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات اورشہر کے بس اڈوں پر بھی اضافی پٹرولنگ آفیسرز تعینات کردیئے گئے ہیں۔