گندم کی کٹائی اور گہائی بارے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم

April 15, 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیرصدارت گندم کی سنبھال بارے زراعت ہاؤس میں اہم اجلاس منعقد کیا گیا، اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں سے ابھی تک گندم کی فصل پر کسی قسم کے منفی اثرات مشاہدہ میں نہیں آئے،تاہم حالیہ بارشوں کی وجہ سے گندم کی برداشت کے عمل میں تھوڑی تاخیر ہوئی ہے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ گندم کی کٹائی اور گہائی بارے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں، اس کے علاوہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار کا ریکارڈ مرتب کر کے بھی پیش کیا جائے، انہوں نے کہا کہ گندم کی کٹائی گہائی ذخیرہ اور ترسیل بارے کاشتکاروں کی فنی راہنمائی کے سلسلہ میں جاری سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے،گندم کی کٹائی گہائی کے لئے موسمی پیشنگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے کاشتکاروں کی رہنمائی کی جائے، سیکرٹری زراعت پنجاب نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں گندم کی کٹائی کے فوراً بعد کاشتکاروں کو کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے رہنمائی فراہم کی جائے اور مارکیٹوں میں معیاری زرعی مداخل کی مقرر کردہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کے عمل میں تیزی لائی جائے،انہوں نے کہا کہ کپاس کی کاشت کے سلسلہ میں جاری مہم کی اہمیت کے پیشنظر محکمہ زراعت کے تمام عملہ کی متفرق ڈیوٹیاں ختم کر دی گئی ہیں،محکمہ زراعت کے افسران و فیلڈ عملہ کپاس کے کاشت کاروں کی رہنمائی کیلئے فیلڈ سرگرمیوں میں بہتری لائیں،اجلاس میں سپشل سیکرٹری زراعت ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم، ڈائریکٹر جنرل زراعت (کراپ رپورٹنگ) ڈاکٹر عبدالقیوم،کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر انجم علی اور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر افسران نے شرکت جب کہ ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر اشتیاق حسن سمیت جنوبی پنجاب کے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز زراعت توسیع بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔