میرا ورکر بھی فضل الرحمٰن کو شکست دے دے گا، علی امین گنڈاپور

April 17, 2024

فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ میرا ورکر بھی فضل الرحمٰن کو شکست دے دے گا، ان کا تو گھر میں ووٹ نہیں ہے۔

اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہفضل الرحمٰن ساتھ دینے کو تیار ہے تو کوئی مسئلہ نہیں، وہ اپنا ریٹ لگوانا چاہ رہے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ڈی آئی خان میں لوگوں کو پکڑ پکڑ کر جے یو آئی ایف میں شامل کرایا گیا، پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز پنجاب میں عوام کو صحت کارڈ دیں جیسے کے پی میں ہم نے دیا، چالیس سال پنجاب میں حکومت کی، ایک اسپتال نہیں بنایا۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ ملک کو مزید اندھیروں میں نہ دھکیلیں، پی ڈی ایم تجربے سے ملک کہیں سے کہیں چلا گیا ہے، پی ڈی ایم ٹو کا تجربہ کر لیا ، ملک مزید تجربات برداشت نہیں کر سکتا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ لندن پلان جیسے تجربات سے باہر نکلیں، عوام کا سوچیں، مختلف مسائل سے دوچار ہیں، شکر ہے احساس ہو رہا ہے کہ غیر قانونی گھر پر چھاپہ غلط ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو سال سے جو چھاپے مارنے میں ملوث ہیں ان کی فیملیز کو انہیں سمجھانا چاہیے، لوگوں کو منہ دکھانے کے قابل نہیں، ہر کسی کو اٹھا لیتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا پاکستان کے لیے بیٹھنے کے لیے تیار ہوں۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ عوام کی زبان عارضی طور پر بند کر سکتے ہیں، عوام نے انتخابات میں اشارہ دے دیا، عوام کا اشارہ سمجھ جاؤ، اصلاح کے لیے تیار نہیں تو سزا کے لیے تیار ہو۔