حکومت امارات کا موسمی الرٹ کے خاتمے کا اعلان

April 18, 2024

حکومت امارات کی جانب سے موسمی الرٹ کے خاتمے کا اعلان کردیا گیا، دبئی ٹرام اور میٹرو سروس مکمل بحال ہوگئی۔

دبئی کی سب بڑی ہائی وے شیخ زائد پر ٹریفک کی بڑی حد تک روانی بحال ہوگئی ہے، مختلف علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے کام جاری ہے۔

متعدد شاہراہوں کو کھول دیا گیا ہے تاہم شارجہ کے متعدد علاقوں میں اشیاء خور و نوش کی سپر اسٹورز تک ترسیل تاحال معطل ہے۔

شارجہ اور عجمان میں پانی کی نکاسی کی کوششیں جاری ہیں، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔

دبئی و دیگر ریاستوں میں آج اور کل بھی اسکولز اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے، حکام کی تعلیمی اداروں کو ریموٹ لرننگ کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب حکومت امارات کی جانب سے ’’مصنوعی بارش“ کی افواہوں کی تردید کی گئی ہے۔