مقدمہ کی تفتیش 2سال سے نامکمل ، ملزمان کی عدم گرفتاری پر عدالت برہم

April 19, 2024

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹریفک حادثے میں جاں بحق شہری کے مقدمہ کی تفتیش دو سال گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہونے اور تاحال ملزمان کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو جیل بھجوانے کی وارننگ دیدی۔ عدالت نے دو ہفتے میں تفتیش مکمل کر کے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو کہا کہ اگر اب بھی تفتیش مکمل نہ ہوئی تو آپ اڈیالہ جائیں گے اور اپنی نوکری سے فارغ ہوں گے،کوئی پریشر نہ لیں ، قانون اور قاعدے کے مطابق تفتیش مکمل کرکے رپورٹ دیں۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں تھانہ کھنہ کی حدود میں سڑک حادثے میں جاں بحق شہری شکیل تنولی کے والد کی درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل نے کہا کہ ایف آئی آر درج ہوئے دو سال کا عرصہ ہو گیا ، تاحال تفتیش نا مکمل ،ملزمان بھی گرفتار نہیں ہوئے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ روڈ ایکسڈنٹ میں دو لڑکے جاں بحق ہوئے، درخواست گزار کا بیان ریکارڈ ہو گیا ہے ، ایف آئی آر بھی درج ہے ، تاہم تفتیش ابھی جاری ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا تفتیش میں کیا ہوا؟ تفتیش آپ کر رہے یا درخواست گزار؟