لاہور میں پاک نیوزی لینڈ میچز اور ضمنی انتخابات کیلئے سیکیورٹی پلان تشکیل

April 19, 2024

بلال کمیانہ--- فائل فوٹو

لاہور میں پولیس نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان شیڈول میچز اور ضمنی انتخابات کے انعقاد کیلئے جامع سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا۔

سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ کا کہنا ہے کہ پولیس ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے پوری طرح مستعد ہے، انتخابی عمل اور پولنگ ڈے پر اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے انتخابی ضابطہ اخلاق پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ کا کہنا ہے کہ پولیس ملکی و غیر ملکی کرکٹرز اور شائقین کو فول پروف سیکیورٹی بھی فراہم کرے گی اور پرامن اور محفوظ ماحول میں میچوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا چوتھا اور پانچواں ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور میں شیڈول ہے۔