جامعہ کراچی کے سنڈیکیٹ کی ایرانی صدر کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند دینے کی منظوری

April 21, 2024

فائل فوٹو

جامعہ کراچی میں اتوار کے روز ہونے والے سنڈیکیٹ کے خصوصی اجلاس نے متفقہ طور پر صدر اسلامی جمہوریہ ایران ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند دینے منظوری دے دی۔

ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کو ڈاکٹر آف فلاسفی کی اعزازی سند کلیہ معارفِ اسلامیہ میں دی جانے کی منظوری دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند دینے کی سفارش سندھ کی سرکاری جامعات کے چانسلر اور گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری کی جانب سے بحیثیت چانسلر کی گئی تھی۔

اس سلسلے میں جامعہ کراچی کو گورنر سندھ کی جانب سے باقاعدہ خط موصول ہوا تھا جس پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے ایرانی صدر کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند تفویض کرنے کے سلسلے میں سندیکیٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیا تھا۔

واضح رہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی 22 سے 24 اپریل تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ایرانی صدر دورۂ پاکستان کے دوران اسلام آباد، لاہور اور کراچی بھی جائیں گے۔