ارتھ ڈے پر گوگل نے اپنے ڈوڈل میں کیا پیغام دیا ہے؟

April 22, 2024

فوٹو ـــ اسکرین شاٹ

عوام کو زمین پر ماحولیاتی آلودگی اور دیگر مسائل کے بارے میں آگاہی دینے کے لیے ورلڈ ارتھ ڈے آج منایا جا رہا ہے۔

دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے بھی اس آگاہی مہم کا حصّہ بننے کے لیے اپنا خصوصی ڈوڈل جاری کیا ہے۔

گوگل کی جانب سے آج ورلڈ ارتھ ڈے کی مناسبت سے جاری کیے گئے ڈوڈل میں دنیا کے کچھ ایسے مقامات کو نمایاں کیا گیا ہے جہاں کی کمیونٹیز اور حکومتیں مسلسل کرہ ارض کی قدرتی خوبصورتی اور وسائل کے تحفظ میں مدد کے لیے کام کرتی نظر آتی ہیں۔

یہ نیا ڈوڈل اس بات کی یاد دہانی کرواتا ہے کہ موسمیاتی بحران اور ماحولیاتی نظام کو نقصان پہنچانے والے عوامل سے نمٹنے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

ڈوڈل میں دنیا کے کن مقامات کو نمایاں کیا گیا ہے؟

گوگل ڈوڈل میں نظر آنے والی پہلی تصویر ’ترک اینڈ کیکوس آئی لینڈز‘ کی ہے، یہ جزائر برِ اعظم شمالی امریکا میں واقع ہیں، یہ مختلف اقسام کی زندگیوں کے اہم علاقوں کا گھر ہیں جن میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے موجودہ موحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور ان کوششوں میں قدرتی وسائل اور چٹانوں کی حفاظت شامل ہے۔

دوسری تصویر میکسیکو کےاسکورپین ریف نیشنل پارک کی ہے جو کہ میکسیکو کے جنوبی خلیج اور یونیسکو کے بایوسفیئر ریزرو میں سب سے بڑی چٹان ہے، یہ محفوظ سمندری علاقہ پیچیدہ مرجان اور کئی خطرے سے دوچار پرندوں اور کچھوؤں کی انواع کے لیے پناہ گاہ کا کام کرتا ہے۔

ڈوڈل میں موجود تیسری تصویر آئس لینڈ کے واتناجوکول نیشنل پارک کی ہے، اس پارک کو کئی دہائیوں کی وکالت کے بعد 2008ء میں ایک قومی پارک کے طور پر قائم کیا گیا، یونیسکو کا یہ عالمی ثقافتی ورثہ یورپ کے سب سے بڑے گلیشیئر اور اس کے آس پاس کے ماحولیاتی نظام کی حفاظت کرتا ہے۔

چوتھی تصویر میں برازیل کا جاؤ نیشنل پارک کی ہے، یہ جنوبی امریکا کے جنگلات کے سب سے بڑے ذخائر میں سے ایک اور یونیسکو کا عالمی ثقافتی ورثہ ہے۔ یہ ایمیزون برساتی جنگل کے مرکز میں واقع ہے، یہ مارگے، جیگوار، دیوہیکل اوٹر، اور ایمیزونی مینٹی سمیت بہت سے جانداروں کی حفاظت کرتا ہے۔

ڈوڈل میں موجود پانچویں تصویر نائیجیریا کی گریٹ گرین وال کی ہے جسے 2007ء میں شروع کیا گیا، افریقی یونین کی زیرقیادت یہ اقدام افریقہ کی چوڑائی میں ریگستان سے متاثرہ زمین کو بحال کر رہا ہے اور پائیدار زمین کے انتظام کے طریقوں کو نافذ کرتے ہوئے درخت اور دیگر پودوں کو لگا رہا ہے۔

یہ اس علاقے کے لوگوں اور کمیونٹیز کو بڑھتے ہوئے معاشی مواقع اور خوراک کی حفاظت فراہم کرتا ہے۔

چھٹی اور آخری تصویر آسٹریلیا کے پلبارا آئی لینڈز نیچر ریزروز کی ہے جو آسٹریلیا میں نیچر کے 20 ذخائر میں سے ایک ہے، یہ نازک ماحولیاتی نظام، نایاب قدرتی رہائش گاہوں، اور متعدد خطرے سے دوچار جانداروں کی حفاظت میں مدد کرتا ہے، خطرے سے دوچار ان جانداروں میں سمندری کچھوؤں، ساحلی پرندوں اور سمندری پرندوں کی متعدد اقسام شامل ہیں۔