شیخ زید ہسپتال کے ڈیلی ویجز ملازمین کو تنخواہیں دی جائیں ،بی این پی

April 23, 2024

کوئٹہ ( آئی این پی ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری نے شیخ زید ہسپتال میں کام کرنے والے ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں کی بندش اور سالانہ انکریمنٹ میں اضافہ نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئے دن مہنگائی میں ہوشربا اضافے نے غریب اور متوسط طبقہ کے گھرانوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے جس کی وجہ سے بے راہ روی اور برائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، ایسے میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہیں نہایت قلیل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تنخواہیں چھ چھ مہینے نہیں ملتی اور جو ملازمین گذشتہ نو دس سال سے کام کر رہے ہیں ان کو سالانہ انکریمنٹ بھی نہیں دئیے جاتے بلکہ محکمہ کے با اختیار انتظامیہ ملی بھگت کر کے ملازمین کی تنخواہیں کاٹ بھی لیتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شیخ زید ہسپتال میں کام کرنے والے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے اور ان کی بند تنخواہوں کو جاری کرنے اور سالانہ انکریمنٹ دینے کا فوری اعلان کیا جائے ۔ بی این پی غریب اور ڈیلی ویجز کے مسائل پر خاموش نہیں رہے گی۔