بلوچ یکجہتی کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں، حسن زہری

July 26, 2024

کوئٹہ ( پ ر) ترجمان صدر مملکت آصف علی زرداری برائے بلوچستان و صوبائی مشیر صنعت و حرفت میر علی حسن زہری نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے گوادر میں منعقدہ راجی مچی کے حوالے سے ایک بیان میں کہاہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اس قسم کی ریلی کا انعقاد رسک لینے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم کی یہ تاریخ رہی ہے کہ وہ اپنے مسائل چاہے وہ قبائلی ہوں یا وطن کے حوالے سے آپس میں مل بیٹھ کرحل کرنے کی کوشش کی ہے اور یہی بلوچ قوم کی روایات ہیں ۔یہ ملک اور پیارا صوبہ ہم سب کا ہے اور آپس کے اختلافات اور ریاست کے دائرہ میں رہ کر مسائل بھی ہم سب مل بیٹھ کر حل کر سکتے ہیں اور ہمارے لیڈر صدر آصف علی زرداری کے نزدیک سیاست کا پہلا اصول ہی مفاہمت ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے بلوچ بہن بھائیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ احتجاج کا راستہ چھوڑ کر مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کے لئے لائحہ عمل اختیار کریں اور قومی دھارے میں شامل ہو کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا مثبت اور بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے ناراض نوجوانوں سے بھی اپیل کی کہ مزاحمت اور شورش کا راستہ کر کے قومی دھارے میں شامل ہو جائیں ۔