منتخب نمائندے غیرضروری چیک پوسٹوں کیخلاف آواز بلند کریں،تفتان بس ٹرانسپورٹ

July 25, 2024

کوئٹہ (پ ر )چیئرمین تفتان بس ٹرانسپورٹ یونین محمود خان بادینی نے سینٹ آف پاکستان کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین سنیٹر الحاج سردار محمد عمر گورگیج کی جانب سے نیشنل ہائی وے پر قائم جگہ جگہ چیک پوسٹوں کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ کو درپیش مسائل سے متعلق چیئرمین ایف بی آر اورکسٹم حکام سے ملاقات کرکے انھیں آگاہ کرنا خوش آئند ہے۔رخشاں ڈویژن کے ٹرانسپورٹرز اور عوام ان کے اس اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔یہاں جاری ایک بیان میں محمود بادینی نے کہاکہ اس وقت صرف کوئٹہ نوشکی سو کلومیٹر کے فاصلے پر پانچ جوائنٹ چیک پوسٹوں کےباوجود کسٹم کی علیحدہ تین چیک پوسٹیں بلکہ اسی قلیل فاصلے پر لیویز پولیس ایف سی وغیرہ کے کہی چیک پوسٹیں قائم ہیں۔یہی حال نوشکی ٹو دالبندین، نوکنڈی ،تفتان ،ماشکیل ،سائندک تک قومی شاہراہ کا ہے۔انہوں نے کہاکہ میر عثمان بادینی اور صادق سنجرانی اور دیگر کو بھی چاہیے کہ وہ بھی اس حوالے سے اپنان کردار ادا کریں ۔اور متعلقہ فورمز پر رخشاں ڈویژن کے ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کریں ۔انہوں نے کہاکہ نیشنل ہائی وے پر اینٹی سمگلنگ کی ایک چیک پوسٹ کافی ہے باقی درجنوں چیک پوسٹوں کو عین زیرو پوائنٹس پر منتقل کیاجانا چاہیئے۔ایران سے اشیائے خوردونوش پر پابندی سے اس وقت رخشاں بیلٹ کے ہزاروں خاندان بےروزگار ہوگئے ہیں ۔لہذا اس طرح کی پالیسیوں سے گریز کیاجائے کہ جن پر عملدرآمد سے لوگ بے روزگار ہوجائیں ۔