روسی اپوزیشن رہنما الیکسی ناولنی کے قتل کا حکم پیوٹن نے نہیں دیا تھا: امریکی میڈیا

April 28, 2024

روسی اپوزیشن رہنما الیکسی ناولنی---فائل فوٹو

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ روسی اپوزیشن رہنما الیکسی ناولنی کے قتل کا حکم روس کے صدرولادیمیرپیوٹن نے نہیں دیا تھا۔

امریکی میڈیا نے بتایا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹ کے مطابق ناولنی کے قتل کے پیچھے پیوٹن نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ روسی جیل میں قید اپوزیشن رہنما الیکسی ناولنی فروری میں پُراسرار طور پر انتقال کر گئے تھے۔

روسی میڈیا کے مطابق روسی اپوزیشن لیڈر الیکسی ناولنی جیل میں 19 سال قید کی سزا کاٹ رہے تھے اور دوران قید پُراسرار طور پر ہلاک ہو گئے تھے۔

جیل کے حکام نے بتایا تھا کہ ناولنی چہل قدمی کے بعد اچھا محسوس نہیں کر رہے تھے جس کے فوراً بعد ہی وہ بے ہوش ہو گئے، طبی عملے نے موقع پر پہنچ کر ان کا معائنہ کیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے تھے۔

یاد رہے کہ ناولنی جنوری 2021ء میں جرمنی سے زہر خورانی کے اثر سے صحت یاب ہو کر ماسکو آنے کے بعد سے جیل میں قید تھے۔

الیکسی ناولنی نے گرفتاری سے قبل حکومت مخالف متعدد احتجاج کی سربراہی کی تھی۔