ہماری نوجوان نسل میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، نسیم الرحمٰن

May 03, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمٰن ملاخیل نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں ۔یہ بات انہوں نے پرائم منسٹر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت آل ڈسٹرکٹ جوڈو نیشنل لیگ بوائز اینڈ گرلز ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کھیلوں کے فروغ کا ویژن رکھتے ہیں اور ان کی تمام متعلقہ محکموں کو واضح احکامات ہیں کہ کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ جہاں میدان آباد ہوتے ہیں وہاں اسپتال ویران ہوتے ہیں ،صحت مند معاشرے کے لئےصحت مند جسم ہونا لازمی ہےاور یہ اسی وقت ممکن ہے جب ہم اپنی نوجوان نسل کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کے بہتر مواقع فراہم کریں گے ۔