گلزار بلوچ ودیگر پر حملے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، بی یو جے

May 03, 2024

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے تنظیم کے کارکنوں گلزار بلوچ اور اس کے بھائیوں پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کو 10 روز بعد بھی گرفتار نہ کرنا پولیس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے اگر ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو تنظیم احتجاج کرے گی جس کی تمام ذمہ داری پولیس انتظامیہ پر عائد ہوگی ۔ ایک جاری بیان ن میں کہا گیا کہ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداروں گلزار بلوچ اور اس کے بھائیوں عصمت اللہ اور دیگر پر قاتلانہ حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کیا گیا جس کے بعد زخمیوں کو ٹراما سینٹر میں منتقل کیا گیا وہاں پر کئی روز زیر علاج رہنے کے باوجود اور اے آئی جی آپریشن سے تنظیم کے جنرل سیکرٹری اور دیگر عہدیداروں نے ملاقات کی جس میں انہوں نے ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی ،10 روز گزرنے کے باوجود پولیس تا حال حملہ آوروں اور نامزد ملزمان کو گرفتار کرنے کے لئے لیت و لعل سے کام لے رہی ہے جس کی وجہ سے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداروں کارکنوں اور متاثرین ان کے اہل خانہ میں تشویش پائی جاتی ہے،ا سی لئے کوئٹہ سمیت صوبے میں آئے روز بد امنی اور جرائم کی وارداتیں تواتر کے ساتھ بڑھ رہی ہیں اور پولیس آفیسران اور متعلقہ حکام شہریوں کی جان و مال تحفظ اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کردار ادا نہیں کررہے جس کا واضح ثبوت بی یو جے کے عہدیداروں پرہونے والے قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کی 10 روز بعد گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی اگر انہیں فوری طور پر گرفتار نہ کیا گیا تو تنظیم احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے ۔