جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام دھرنا جاری، مختلف رہنماؤں کا اظہار یکجہتی

May 03, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جوائنٹ ایکشن کمیٹی جامعہ بلوچستان کے زیراہتمام جامعہ بلوچستان و ریسرچ سینٹرز کے اساتذہ ، افسران اور ملازمین کو گذشتہ چار ماہ کی تنخواہوں اور پنشنز کی عدم ادائیگی کے خلاف اور مالی بحران کے مستقل حل کیلئے جامعہ بلوچستان کے مین گیٹ کے سامنے احتجاجی کیمپ 55 ویں روز بھی جاری رہا ،گزشتہ روز احتجاجی دھرنا کی صدارت نذیر احمد لہڑی نے کی ، احتجاجی دھرنے میں فپواسا کے سابق صدر پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ لغاری نے اظہار یکجہتی کیلئے شرکت کی ، مظاہرین سے نذیر احمد لہڑی ، پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ لغاری ، ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ ، شاہ علی بگٹی، پروفیسر فرید خان اچکزئی ، گل جان کاکڑ ، سید شاہ بابر، ارباب طاہر کاسی اور حافظ عبدالقیوم نے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان لیبر فیڈریشن اور ال پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مزدوروں کے عالمی دن کو جامعہ بلوچستان کے اساتذہ اور ملازمین کو تنخواہوں و پینشنز کی عدم ادائیگی سے منسوب کرکے منایا ۔ مقررین نے کہا کہ بار بار وعدوں کے باوجود تنخواہوں اور پنشنز کیلئے فنڈز جاری نہیں کئے جارہے ۔اس موقع پر سندھ سے آئے پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ لغاری نے کہا کہ سندھ کی حکومت نے اپنی یونیورسٹیوں کے لئے پچھلے سال 25 ارب روپے مختص کئے جبکہ اس سال اس میں سو فیصد اضافہ کرنے جارہی ہے ، پی ایچ ڈی الاونس 25 اور ایم فل الاونس 12500 روپے ہے۔ انہوں نے بلوچستان حکومت سے مطالبہ کیا کہ جامعہ بلوچستان کے لئے فوری طور پر بیل آوٴٹ پیکیج جاری کرنے کے ساتھ پی ایچ ڈی اور ایم فل الاونس میں بھی اضافہ کرتے ہوئے آنے والے سالانہ بجٹ میں جامعات کے لئے کم ازکم دس ارب روپے مختص کرکے تعلیم و صوبہ دوستی کا ثبوت دے ۔