سندھ: میٹرک کے امتحانات جاری، نقل کی روک تھام کیلئے اقدامات

May 04, 2024

--- فائل فوٹو

سندھ کے مختلف شہروں میں نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے دوران کھلے عام نقل کا سلسلہ جاری ہے۔

میرپورخاص میں نویں اور دسویں کے امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے امتحانی مراکز پر چھاپے مارے گئے۔

چھاپوں کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے 70 سے زائد موبائل فون اور نقل کا مواد برآمد کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ امتحانی مراکز کے باہر بھی نقل کروانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

لاڑکانہ میں آج تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام نویں جماعت کا حیاتیات کا پرچہ تھا، متعدد امتحانی مراکز میں کھلے عام نقل کا سلسلہ جاری رہا۔

سکھر بورڈ کے زیر انتظام تعلیمی مراکز میں آج نویں جماعت کا فزکس کا پرچہ لیا گیا، نقل کی روک تھام کے لیے بورڈ کی جانب سے بنائی گئی ٹیموں نے امتحانی مراکز کے دورے کیے۔

جیکب آباد میں لاڑکانہ بورڈ کے زیر اہتمام نویں اور دسویں جماعت کے طلباء نے بائیولوجی کا پرچہ دیا، نقل سے روکنے کے لیے سینٹرز کے باہر پولیس اہلکار تعینات رہے۔

امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ سیکیورٹی کے لیے امتحانی مراکز کے باہر پولیس اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔