3 پاکستانی طلبہ کی شہادت کی خبریں آرہی ہیں، بیرسٹر سیف

May 18, 2024

فائل فوٹو

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں سے جھگڑے کے نتیجے میں وہاں حملے ہورہے ہیں۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے اپنے آڈیو پیغام میں کہا ہے کہ خبریں آرہی ہیں کہ وہاں 3 پاکستانی طلبہ شہید ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں حکومت پاکستان سے فوری طور پر یہ مطالبہ کرتا ہوں کہ وہکرغزستان کی حکومت سے رابطہ کرے، حملوں کی روک تھام اور پاکستانی طلبہ کی حفاظت کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے کو بھی اس معاملے میں اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے فوری طور پر ایکشن لینا چاہیے۔

محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ میں پاکستانی طلبہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں اور انہیں یقین دلاتا ہوں کہ خیبرپختونخوا حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمکرغزستان کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے پر فوری کارروائی کرے۔

واضح رہے کہ کرغزستان میں طلبہ کےدرمیان جھگڑے کے بعد فسادات پھوٹ پڑے ہیں، کئی طلبہ کے ہلاک ہونے اور طالبات کے ساتھ زیادتی کی غیرمصدقہ اطلاعات ہیں۔

پاکستانی طلبہ پر بھی تشدد کیا گیا ہے اور ایک پاکستانی طالبعلم کا کہنا ہے کہ طلبہ کے واٹس ایپ گروپ میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ تین پاکستانی طالبعلم بھی مارے گئے ہیں۔

بشکیک میں میڈیکل کے پاکستانی طالبعلم محمد عبداللّٰہ، حسنین اور کئی دیگر نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جھگڑا کرغز طالب علموں کی جانب سے مصری طالبات کو ہراساں کرنے پر شروع ہوا۔