بھارتی اداکار راکیش بیدی کی اہلیہ کے ساتھ آن لائن فراڈ، بڑی رقم سے محروم

May 06, 2024

بھارتی فلموں اور ٹی وی کے اداکار راکیش بیدی کی اہلیہ کے ساتھ آن لائن فراڈ ہوگیا، کسی نے انہیں تقریباً 5 لاکھ روپے کا چونا لگا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راکیش بیدی کی اہلیہ ارادھنا آن لائن فراڈ کا نشانہ بن کر 4 لاکھ 98 ہزار روپے سے محروم ہوگئیں۔

جمعے کے روز انہیں کسی کی کال موصول ہوئی تھی جس میں کال کرنے والے نے انہیں بتایا کہ حادثاتی طور پر ان کے اکاؤنٹ میں غلطی سے رقم بھیج دی گئی ہے، تو ان کے پاس ایک او ٹی پی (ون ٹائم پاس ورڈ) آئے گا آپ وہ بتا دیں تو اس سے پیسے واپس ہو سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کال کرنے والے نے ارادھنا سے غلطی کو ٹھیک کرنے کے لیے ان کا او ٹی پی معلوم کرنے کی کوشش کی، لیکن ارادھنا نے فون فوراً بند کر دیا کیونکہ انہیں دھوکہ دہی کا شبہ ہوگیا تھا۔

ارادھنا کے او ٹی پی نہ دینے اور کال کاٹنے کے باوجود ان کے اکاؤنٹ سے پیسے نکال لیے گئے۔

راکیش بیدی کی اہلیہ کے ساتھ ہونے والے فراڈ کیس کی تفتیش اوشیوارہ پولیس کررہی ہے، اور اس بات پر حیران ہے کہ ارادھانا کی جانب سے او ٹی پی فراہم نہ کیے جانے کے باوجود ان کے اکاؤنٹ سے پیسے کیسے غائب ہوگئے؟

سائبر فراڈ کے اس مخصوص طریقے نے پولیس حکام کو پریشان کردیا ہے، جبکہ پولیس کا سائبر ونگ تمام بینکوں میں منی ٹریلز کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہا ہے جہاں چوری کی رقم جمع کی گئی ہوگی۔

اس سے قبل اداکار راکیش بیدی خود بھی اسی طرح کے فراڈ کا شکار ہوچکے ہیں، جنوری میں ان کے اکاؤنٹ سے بھی 75 ہزار روپے نکلوائے گئے تھے۔

اداکار نے بتایا کہ انہیں ایک انجان کال موصول ہوئی تھی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ ایک فوجی افسر ہے جو اپنے پونے کے فلیٹ میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے، جس کے بعد ان کے اکاؤنٹ سے دھوکہ دہی سے 75 ہزار روپے نکال لیے گئے تھے۔

بعد ازاں راکیش بیدی نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی، تاہم اس کے بعد ان کی بیوی کے ساتھ بھی ایسا ہی واقعہ پیش آگیا، اس کیس نے بڑے پیمانے پر توجہ حاصل کرلی۔

راکیش بیدی کئی بالی ووڈ فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں کام کرچکے ہیں، انہوں نے آخری مرتبہ سائنس فکشن رومانٹک کامیڈی فلم تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا میں کام کیا تھا، جس میں وہ شاہد کپور کے والد کا کردار ادا کرتے نظر آئے تھے۔