حکومتی سطح پر گانے بجانے کی ترویج باعثِ شرم ہے،شجاع الدین شیخ

May 07, 2024

اسلام آباد(جنگ نیوز)تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومتی سطح پر گانے بجانے کی ترویج باعثِ شرم ہے، حکومتِ پنجاب کامقابلہ موسیقی کا انعقاد کرنا اسلامی تعلیمات سے کھلی بغاوت اورپاکستان کے اسلامی تشخص کیساتھ کھلواڑ ہے، سکولوں،تعلیمی اداروں میں طلبہ نیز عام شہریوں کو اس شیطانی کھیل میں حصہ لینے کی زوردار تحریک دی جا رہی ہے جو درحقیقت دجالی مغربی تہذیب کیلئے راستہ ہموار کرنے کے مترادف ہے ، انتہائی شرم کا مقام ہے کہ غزہ کے مسلمانوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے اور حکومتِ پنجاب کو موسیقی جیسے حرام فعل کا مقابلہ کروانے کی سوجھ رہی ہے ۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ شیطنت پر مبنی پنجاب مقابلۂ موسیقی کو فوری اور مستقل طور پر منسوخ کیا جائے۔