فورتھ شیڈول میں شامل 14 سو افراد سے ضمانتی مچلکے لینے کا عمل شرو ع

May 19, 2024

راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر) راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں فورتھ شیڈول میں شامل14 سو افراد سے ضمانتی مچلکے لینے کاعمل شرو ع کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس وقت صوبہ بھر میںبھر میں مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے تقریباً چودہ سوافراد انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے فورتھ شیڈول میں شامل ہیں جب کہ راولپنڈی ریجن میں فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی تعداد123 بتائی جاتی ہے ۔ ان میں راولپنڈی ضلع میں 51،اٹک میں 32،چکوال ڈسٹرکٹ میں 36 اور جہلم میں 4افراد فورتھ شیڈول لسٹ پر ہیں ۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ حساس ادارے کی سفارش پر فورتھ شیڈول میں شامل افراد سے نئے ضمانتی مچلکے لئے جارہے ہیں ۔ذرائع کاکہنا ہے پاکستان کے قانون کے مطابق فورتھ شیڈول میں ان افراد کو شامل کیا جاتا ہے جو براہ راست امن عامہ کے لئے خطرہ سمجھے جاتے ہیں یا ان کا کسی کالعدم تنظیم سے تعلق رہا ہے۔قانون کے مطابق ایسے افراد کے لئے لازمی قرار دیاگیا ہے کہ وہ مہینہ میں ایک مرتبہ اپنے متعلقہ تھانہمیں جا کراپنی حاضری لگوائیں۔ فورتھ شیڈول ایک واچ لسٹ ہے جس کے ذریعے افراد پر کڑی نظر رکھی جاتی ہے۔عام طور پرمشتبہ شخص کا نام 3سال کے لئے واچ لسٹ میں رکھا جاتا ہے، اوربعض کیسوں میںاگر انٹیلی جنس حکام اور پولیس کی طرف سے سفارش کی جائے تو اس مدت میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔