حماس کی تجاویز منظوری کے بعد اسرائیل کا رفح پر حملہ

May 07, 2024

فائل فوٹو

اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، حماس کی جانب سے غزہ جنگ بندی تجاویز کی منظوری کے بعد اسرائیل نے رفح پر حملہ کردیا جس سے جانی نقصان کا خدشہ ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ رفح کے مشرقی علاقے میں ٹارگٹڈ حملے کررہے ہیں اور یہ محدود ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ حماس کی طرف سے منظور کردہ تجویز اسرائیل کے مطالبات پر پورا نہیں اترتی لیکن اسرائیلی حکومت مذاکرات کے لیے وفد بھیجے گی۔

خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی جنگی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ رفح پر کارروائی جاری رہے گی۔

دوسری جانب قطر کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قطر کا وفد آج قاہرہ جائے گا تاکہ اسرائیل حماس کے درمیان ثالثوں کے ذریعے بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع کیے جائیں۔

اس حوالے سے امریکا کا کہنا ہے کہ رفح پر اسرائیل کے تازہ ترین حملوں پر تشویش ہے لیکن یہ کوئی بڑی فوجی کارروائی نہیں لگتی۔

امریکی حکام کے مطابق ایسا نہیں لگتا کہ اسرائیل رفح کے گنجان آباد علاقوں میں بڑا فوجی آپریشن شروع کر رہا ہے۔