میڈم نور جہاں نے بھارتی فلم انڈسٹری کیوں چھوڑی؟

May 07, 2024

میڈم نور جہاں ـــ فائل فوٹو

معروف پاکستانی گلوکارہ میڈم نور جہاں نے بطور چائلڈ آرٹسٹ ہندوستان میں اپنےکیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ تقسیمِ ہند سے پہلے سب سے زیادہ مطلوب نوجوان فنکارہ تھیں۔

حال ہی میں میڈم نور جہاں کی صاحبزادی نازیہ اعجاز خان نے نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جس میں ان کی والدہ کو خصوصی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

اس شو میں میڈم نور جہاں کے شوبز کیریئر کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی گئی اور ان کے بھارتی فلم انڈسٹری چھوڑنے کی وجہ بھی بتائی گئی۔

شو کے میزبان و فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی نے انکشاف کیا کہ میڈم نور جہاں نے بھارتی فلم انڈسٹری کو صرف پاکستان اور اپنے ہم وطنوں کے لیے چھوڑا تھا۔

میڈم نور جہاں کا بھارتی فلم انڈسٹری چھوڑنے کے اپنے فیصلے کے بارے میں کا کہنا تھا کہ ’میں اسی جگہ واپس جاؤں گی جہاں میں پیدا ہوئی تھی‘۔

بھارتی فلم انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کرنے کے بعد میڈم نور جہاں نے لاہور میں اپنے شوہر کے ساتھ مل کر’شاہ نور‘ اسٹوڈیو قائم کیا اور پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک بالکل نئی تحریک شروع کی۔

انہوں نے پاکستانی فلموں کے لیےپنجابی اور اردو زبان میں ان گنت ہٹ گانے گائے اور انہیں’ملکۂ ترنم‘ کے خطاب سے نوازا گیا۔

میڈم نور جہاں نے پاکستان کے متعدد سول ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔

یاد رہے کہ وہ 2000ء میں 74 برس کی عمر میں کراچی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھیں۔